مزید خبریں

کے الیکٹرک کو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت نہ دی جائے ،حافظ نعیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز میں ایک بار پھر 4.86 روپے کے اضافے کی اطلاعات اور تیاریوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور نیپرا سے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت دینے کے بجائے اسے کراچی کے عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا پابند کیا جائے ، کے الیکٹرک سے جواب طلب کیا جائے کہ اس نے معاہدے کے مطابق پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے کتنی سرمایہ کاری کی ۔ کمپنی کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ؟ کے الیکٹرک کے کتنے پاور پلانٹس گیس پر اور کتنے فرنس آئل پر چل رہے ہیں ؟ جب بجلی گیس پر تیار کی جارہی ہے تو فرنس آئل کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر عوام سے اضافی وصولی کیوں کی جاتی ہے ؟ بار بار اعلانات کے باوجود بن قاسم پاور پلانٹ IIIابھی تک فعال کیوں نہیں ہوا ؟ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وفاقی حکومت اور نیپرا کی ذمے داری ہے کہ وہ کے الیکٹرک کے اہل کراچی کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک ، لوٹ مار ، بد ترین لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ سے نجات دلائے لیکن افسوس کہ موجودہ حکومت بھی ماضی کی حکومت کی طرح کے الیکٹرک کی سرپرستی اور بے جا حمایت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کے الیکٹرک کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے جو کراچی کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی اور نا انصافی ہے اور بد قسمتی سے کے الیکٹرک کو نواز نے کی پالیسوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں پی ٹی آئی ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم برابر کی شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے یہ سلسلہ بند کیا جائے ، کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے ، اس کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے اور کراچی میں اس کی اجارہ داری ختم کی جائے ۔