مزید خبریں

Jamaat e islami

سندھ کے 14 اضلاع میں 946 بلدیاتی امیدوار بلا مقابلہ منتخب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 946 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں، دوسرے مرحلے میں کراچی ، حیدر آباد ڈویژنز کے 16 اضلاع کی 5 ہزار نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع کشمور کندھ کوٹ میں 96، قمبر شہداد کوٹ میں 70 اور جیک آباد میں 135 امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار پائے ہیں، اسی طرح شکارپور میں 94، لاڑکانہ میں 11، میرپور خاص میں 65 اور عمرکوٹ اضلاع میں 69 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ ضلع تھرپارکر میں 18، سکھر میں 34، گھوٹکی میں 48، خیرپور میں 67 اور شہید بے نظیر آباد ضلع میں بھی 105امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں، نوشہروفیروز میں 48 اور سانگھڑ میں 87 امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار پائے ہیں۔ چیئرمین، وائس چیئرمین کی نشست پر 135 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں 752 نشستوں پر مقابلہ ہوگا جبکہ رکن ڈسٹرکٹ کونسل کی 794 نشستوں میں سے 107 پر بلامقابلہ منتخب جبکہ 687 پر مقابلہ ہوگا۔جنرل ممبر وارڈ کی 3548 نشستوں میں سے 622 پر بلامقابلہ منتخب جبکہ 2926 پر مقابلہ ہوگا، جنرل ممبر ٹائون کمیٹی کی 694 نشستوں میں سے68 پر بلامقابلہ منتخب جبکہ 626 پر مقابلہ ہوگا، ٹائون کمیٹی اوباڑو میں امیدوار کے انتقال کے باعث وارڈ نمبر 6 کا الیکشن ملتوی کردیا گیا جب کہ ضلع گھوٹکی کے 2 وارڈز میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی ہی جمع نہیں کرائے ہیں۔واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سندھ کے 14 اضلاع میں 26 جون کو پولنگ ہوگی ،سیکورٹی خدشات کے پیش نظر رینجرز کو طلب کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں صوبیمیں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدر آباد ڈویژنز کے 16 اضلاع کی 5 ہزار سے زاید بلدیاتی نشستوں پر انتخابی عمل کے لیے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور بدھ کو پہلے دن 2 ہزار زاید امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں تاخیر سے پہنچنے کی شکایات ملی ہیں۔ انتخابی شیڈول کے مطابق 10 جون تک کاغذات نامزدگی جمع اور13 جون کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری ہوگی۔ 28 جو ن تک امیدوار دستبردار اور امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری ہوگی جبکہ 29 جون کو امیدواروں کو نشانات کی الاٹمنٹ کیے جائیں گے۔ 24 جولائی کو پولنگ اور 28جولائی کونتائج کا اعلان کیاجائیگا۔