مزید خبریں

جنوبی افریقا کو مطلوب بھارتی دھوکے باز تاجر گرفتار

دبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت نژاد جنوبی افریقی شہری راجیش گپتا اور اتول گپتا کو دبئی میں گرفتار کرلیا گیا ۔ جنوبی افریقی حکومت کا کہنا ہے کہ ان دونوں پر بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ راجیش گپتا اور اتول گپتا جنوبی افریقا کے سابق صدر جیک زوما کے قریبی دوست ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے زوما سے اپنے قریبی تعلقات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غیرقانونی طور پر مالی فائدے حاصل کیے اور اہم سرکاری عہدوں پر حکام کا تقرر کروایا۔ جنوبی افریقا اور متحدہ عرب امارات نے گزشتہ برس اپریل میں ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ جنوبی افریقا کے صدر سائرل رامفوسا کو امید تھی کہ اس معاہدے سے گپتا برادران کو وطن واپس لانے میں مدد ملے گی۔ جنوبی افریقی وزارت برائے انصاف نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقا کی قانون نافذ کرنے والی مختلف ایجنسیوں کے درمیان بات چیت چل رہی ہے اور لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے حکام کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ 2018 ء میں جب صدر جیکب زوما کو عہدے سے برطرف کیا گیا تھا تو دونوں بھائیوں نے بھی جنوبی افریقا چھوڑ دیا تھا۔ زوما کے خلاف الزامات کی تحقیقات کے لیے 2018 ء میں ایک کمیشن قائم کیا گیا تھا،جس کے تحت انٹرپول نے گپتا برادران کی گرفتاری کے لیے جولائی 2021 ء میں ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا تھا۔