مزید خبریں

کاشتکاروں کے لیے تربیتی پروگرام برائے کاٹن پروڈکشن کا انعقاد

ملتان (اے پی پی) ڈائریکٹرسنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر زاہد محمودنے کہا ہے کہ رواں ہفتے سی سی آر آئی میں کپا س کے تجرباتی کھیتوں میں ڈرون ٹیکنالوجی کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔ 11جون بروز ہفتہ سی سی آر آئی میں کپا س کے کاشتکاروں کے لئے “تربیتی پروگرام برائے کاٹن پروڈکشن اور آئی پی ایم”کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اور اسی دن بغیر پائلٹ اڑنے والے چھوٹے طیاروں یعنی ڈرون کے ذریعے کپاس کے تجرباتی کھیتوں میں کپاس کی بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کی صورتحال کا جائزہ لینے اور زرعی وپھپھوند کش زہروں کا استعمال کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہارڈاکٹر زاہد محمود نے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام میں سینکڑوں کی تعداد میں کپاس کے کاشتکار شرکت کریں گے۔ڈرون ٹیکنالوجی زرعی زہروں کے استعمال، جڑی بوٹیوں، نقصان دہ کیڑوں اور غذائی اجزا کی کمی کی مانیٹرنگ،ذرائع آب پاشی، اور کپاس کی پیداوار کے معیار اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لئے خاص اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے مٹی کی صحت،زمین میں موجود نمی کی سطح اور کپاس کے کھیت کی اصل حالت کا پتا لگایا جاتا ہے۔ ان معلومات کی بنیاد پر زرعی مداخل کا درست استعمال ممکن بنایا جاتا ہے۔