مزید خبریں

وزارت مذہبی امور کے 200 ملازمین کا سرکاری حج ،وزیراعظم نے وضاحت طلب کرلی

اسلام آباد( آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر مذہبی امور کے ذاتی اسٹاف کے حج پر جانے سے متعلق خبر پر وضاحت طلب کرلی۔ وزیرمذہبی امور مفتی عبدالشکور کے ذاتی سٹاف اور وزارت کے200 افراد کے حج پر جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جس پر وزیراعظم نے وزارت مذہبی امورسے وضاحت طلب کرلی ہے۔وزیراعظم کے فوکل پرسن نے کہا کہ حجاج کی مدد کیلیے وزارت مذہبی امورکا کچھ عملہ جاتا ہے لیکن خبر سے مختلف تاثر مل رہا ہے۔ علاوہ ازیں سرکاری حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے کے بعد بنکوں کی نااہلی کی وجہ سے سرکاری حج کوٹے سے محروم رہنے والے عازمین کا معاملہ سنگین صورت اختیار کرگیا ہے ،سینکڑوں متاثرین کا وزارت مذہبی امور کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ ، وفاقی وزیر مذہبی امور نے متعلقہ بنکوں کی مدد سے معاملہ حل کرانے کی یقین دہانی کراد ی۔ منگل کے روز وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور نے اپنے دفتر کے باہر ہونے والے احتجاج کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کا احتجاج حق بجانب ہے، بینکوں نے غیر ذمہ دارانہ کام کیا ہے اور اپنی غلطی مانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بینکوں کے ساتھ ہمارا معاہدہ تھا کہ جو بھی ٹرانزیکشن ہو گی اس کا مسیج آنا ضروری ہوگا ،بینکوں میں آن لائن نظام خراب ہوا لیکن انہوں نے لوگوں سے پیسے وصول کیے ہیں اورہماری وضاحت پر پتا چلا کہ یہ لوگ تیرہ سو سے بھی زیادہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس معاملے پر آج تمام بینک حکام کو بلایا ہے اورا سٹیٹ بینک سے بھی رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام عازمین کو اس عمل سے ذہنی پریشانی کا سامنا ہواہم اس مسئلہ کے حل کے لیے کوشاں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس سرکاری کوٹہ تو نہیں لیکن ہم انہیں پرائیوٹ کوٹہ پر بھیجنے کی کوشش کریں گے اور اضافی خرچہ بینک خود برداشت کریں گے اور انہیں حج پر بھجوائیں گے ،انہوں نے کہاکہ میں نے حال ہی میں وزارت سنبھالی ہے اور گذشتہ حکومت کی بنائی پالیسی پر چل رہے ہیں اس موقع پر وفاقی وزیر سے استفسار کیا گیا کہ خبریں چل رہی ہیں کہ دو سو بندوں کو مفت حج پر بھیجا گیا ہے جس پر وفاقی وزیر نے کہاکہ ہماری طرف سے ایک بھی بندے کو مفت حج پر نہیں بھیجا گیا،انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ان افراد کو پرائیوٹ کوٹہ میں حج پر بھیجا جائے، اس سے قبل وزارت مذہبی امور کے باہر سرکاری حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہوکر بنکوں کی نااہلی کی وجہ سے سرکاری حج کوٹے سے محروم رہنے والے سینکٹروں عازمین نے احتجاج مظاہر ہ کیا ،اس موقع پر احتجاجی مظاہرین نے کہاکہ ہم نے کامیابی کا پیغام ملنے پر بینکوں میں اپنے واجبات جمع کرائے جس کے بعدتیس مئی کو بینکوں کے منیجرز سے پتہ چلا کہ آپ کی درخواست عدم ادائیگی کی وجہ سے مسترد ہو گئی ہیں، اس معاملے پر متعلقہ بینکوں اور وزارت سے رابطہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت سینکڑوں کی تعداد میں درخواست گزار حج فلائٹس کے انتظار میں ہیں لیکن انہیں بعد میں پتہ چلا کہ وہ نا اہل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے مسئلے ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اورہماری درخواستوں کو کامیاب قرار دے کر فلائٹس کا شیڈول جاری کیا جائے انہوں نے کہاکہ یہ تمام متاثرین اپنے متعلقہ حاجی کیمپس میں تربیت بھی حاصل کر چکے ہیں ۔