مزید خبریں

توہین رسالت کیخلاف سراج الحق کی اپیل پر جمعہ کو سندھ بھر میںاحتجاج ہوگا

کراچی( اسٹاف رپورٹر )بھارت میں حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان اور ایک اور رہنما کی جانب سے نبی اکرمؐ کی شان میں گستاخی کے خلاف امیرجماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر جمعہ 10جون کو کراچی تاکشمور سندھ بھرمیں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے،صوبائی اعلامیے کے مطابق اس حوالے سے سندھ کے ہرشہر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جن سے جماعت اسلامی کے مقامی رہنما وعلما کرام خطاب کریں گے جبکہ ائمہ مساجد جمعہ کے خطاب میں بھارتی حکمران بی جے پی رہنمائوں کے گستاخانہ بیانات اورمسلمانوں پرہونے والے مظالم پرخطاب اوربھارت کے اسلام وانسانیت دشمن اقدامات کے خلاف قراردادیں پاس کی جائیں گے۔دریں اثنا بدین پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی توہین رسالت پر جمعرات کو امیرجماعت سراج الحق کی قیادت میں بھارتی سفارتخانے جبکہ جمعہ کوکراچی تاکشمور سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔قبل ازیں انہوں نے مقامی دفترمیں جماعت اسلامی ضلع بدین کے ذمے داران کے اجلاس میں شرکت اورتنظیمی امور سمیت بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں وحکمت عملی کا جائزہ لیا۔صوبائی نائب امیر و چیئرمین انتخابی بورڈ ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ، ضلعی امیر سید علی مردان شاہ، عبدالکریم بلیدی،محمد موسیٰ ملاح ،فتح خان کھوسہ اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی امیرنے گستاخانہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت مسلسل مذہبی فسادات کو ہوا دے رہا ہے جس کی مذمت دنیا بھر میں کی جارہی ہے کیوں کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا ووٹ بینک اس میں ہے کہ مسلمانوں کی دل آزاری کی جائے لیکن مودی اس بات کو ذہن نشین کر لے کہ وہ ہمیشہ اقتدار میں نہیں رہے گا۔