مزید خبریں

توہین رسالت کیخلاف جماعت اسلامی کے ارکان اسمبلی کی قراردادیں

پشاور (اے پی پی) خیبر پختونخوااسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان ،باجوڑ سے رکن صوبائی اسمبلی حاجی سراج الدین خان اور خاتون ممبر حمیرا خاتون نے منگل کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں2الگ الگ قراردادیں جمع کرادی ہیں پہلی قراردادکے ذریعے اراکین صوبائی اسمبلی نے موقف اپنایا ہے کہ ہمسایہ ملک بھارت میں انتہا پسندحکمران جماعت بی جے پی کے رہنمائوں کی جانب سے نبی کریم ؐکی شان میں گستاخانہ بیان پر خود بھارت سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں۔بھارتی حکمران شدت پسند جماعت بی جے پی کے لیڈروں کا یہ مسلم کش اقدام اقوام متحدہ کے بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق قوانین کی بھی سنگین خلا ف ورزی ہے لہٰذا خیبر پختونخوا کے غیور مسلمانوں اور صوبہ بھر کے اقلیتی برادری کی نمائندہ یہ معززایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے ممبران کی ان اشتعال انگیز گستاخی کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے اس امر کی سفارش کریں کہ حکومت پاکستان نہ صرف بھارتی حکومت کو پاکستانی شہریوں کی تشویش سے آگاہ کریں بلکہ اقوام متحدہ میں بھی اس مسئلے کو اجا گر کرکے خود کو انسانی حقوق کا چیمپئن اور دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کے دعوے داربھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لایا جائے۔دوسری قرارداد میں جماعت اسلامی کی خاتون ممبر حمیرا خاتون اور دیگر ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ نبی کریم ؐ کی عزت وناموس مسلمان کی حیثیت سے ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور بحیثیت مسلمان ہم اپنے نبی پاک ؐکی شان میں کسی قسم کی گستاخی قطعاً برداشت نہیں کرسکتے۔حکومت پاکستان فوری طور پر بھارتی سفیر کو طلب کرکے اس شرمناک حرکت پر احتجاج ریکارڈ کرائے ۔