مزید خبریں

جماعت اسلامی منارٹی ونگ کی بی جے پی رہنمائوں کے بیان کی مذمت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈووکیٹ ، سیکرٹری پرویز برکت ، نائب صدر نذیر سموئیل ، انیل سنگھ اور دیگر عہدیداران نے بھارتی حکمران پارٹی بی جے پی کے رہنمائوں کی شان ِ رسالت ؐ میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام اقلیتی برادریوں کی جانب سے مسلمانوں سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا ہے اور کہا ہے کہ اس اہم اور حساس معاملے پر ہونے والے احتجاج میں پوری اقلیتی برادری بھی مسلمانوں کے ساتھ ہے اور جماعت اسلامی کی جانب سے کل بروز جمعرات 9جون کو بھارتی سفارتخانے تک احتجاج اور جمعہ 10جون کو ملک بھر میں یوم احتجاج اور مظاہروں میں بھی بھر پور شرکت کرے گی ، جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے عہدیداران نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ بھارت میں نام نہاد جمہوریت اور اس کا سیکولر چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے اور بھارت کے اندر مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں شدید غیر محفوظ اور بد ترین ریاستی جبر و تشدد کا شکار ہیں ، عبادت گاہوں پر سرکاری سرپرستی میں حملے ہو رہے ہیں اور مقدس ہستیوں کی توہین کی جا رہی ہے ، بی جے پی کے رہنمائوں کی جانب سے شان ِ رسالت ؐ میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے خلاف راست اقدام کرے ، عالمی سطح پر اس کا اصل چہرہ بے نقاب کرے اور سرکاری سطح پر بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے ۔