مزید خبریں

جرمنی کا افغانستان کی بحالی کیلئے پاکستان سے مل کر کام کرنے کا اعلان

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)جرمنی نے افغانستان کی بحالی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔اسلام آباد وزارت خارجہ میں ہم منصب بلاول زرداری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے کہا کہ افغان طالبان غلط سمیت میں جارہے ہیں،افغانستان کی معیشت رکی ہوئی ہے، مخالف آوازوں کو بلند نہیں ہونے دیا جاتا لیکن ہم افغان عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، معاشی تعاون انسانی حقوق کی فراہمی سے مشروط ہوگا، خواتین اور لڑکیاں افغانستان میں بہت متاثر ہیں، پاکستان کے تعاون سے گزشتہ ماہ تک 40 ہزار افغانی پاکستان سے جرمنی پہنچ چکے ہیں جو کہ جرمنی میں امن و امان سے رہ رہے ہیں۔جرمن وزیر نے کہا کہ ہم تنازعات کے دور سے گزر رہے ہیں، روس کی جانب سے یوکرین میں گندم پر پابندیوں سے دنیا میں گندم کی قیمتوں میں بے حد اضافہ ہوا، آج ہم نے افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے افغان عوام کا کھلے بازوؤں کے ساتھ استقبال کرکے بڑے دل کا مظاہرہ کیا، ہم پاکستانی حکومت، عوام اور عالمی شراکت داروں سے تعلیم، صحت اور معیار زندگی بلند کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ اگر ہم مل کر کام کریں اور تعاون کو مختلف شعبوں تک پھیلائیں تو باہمی شراکت داری میں اضافہ ہوگا، ہم سب کو یوکرین کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کرنا ہوگا، دنیا میں طاقت ور کے قانون کے نفاذ کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہمیں دنیا میں عالمی قوانین کی ہی حمایت کرنی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ماحولیاتی تعاون کو آگے مرحلے میں لے کر جائیں گے، خواتین کے حقوق کی حالت کسی بھی معاشرے میں ترقی کا پیمانہ ہے، آج کے اجلاسوں کے بعد مستقبل میں تعاون کے فروغ کی توقع ہے۔اس دوران بلاول نے اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔انہوں نے عالمی برادری سے یہ اپیل بھی کی کہ افغانستان کے منجمد شدہ مالی اثاثوں کو افغان حکومت کے حوالے کیا جائے کیوں کہ ایسا کرنا اس ملک کی معیشت اور استحکام کے لیے بہت ضروری ہے۔بلاول نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کی علاقائی سالمیت، سرحدوں، انسانی حقوق کے احترام اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے، تنازع کے آغاز سے ہی ہم روس، یوکرین اور دیگر ممالک کی قیادتوں سے رابطہ میں ہیں، پاکستان سمجھتا ہے کہ مسئلے کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں تازہ واقعہ میں بی جے پی کے 2 حکام کی جانب سے حضور اکرم ﷺ کی ذات سے متعلق توہین آمیز کلمات کہے گئے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں، ہم کشمیری عوام کی جدوجہد اور انسانی حقوق کی حمایت کرتے ہیں,بھارت نے گستاخانہ بیانات پر معافی نہ مانگی تو حقیقت مزید کھل جائے گی کہ بھارت سیکولر یا جمہوری نہیں بلکہ ہندو بالادستی کا ملک ہے۔بعد ازاں پاکستان کے دورے پر موجود جرمن وزیرخارجہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔اینالینا بیئربوک نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اپنا دورہ پاکستان مختصر کردیا ہے اوراپنی بقیہ تمام مصروفیات منسوخ کردی ہیں۔ پاکستان کے دو روزہ دورے پر آنے والی جرمن وزیر خارجہ کو یونان اور ترکی بھی جانا تھا۔جرمن وزیرخارجہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیرخارجہ بلاول نے بھی قرنطینہ کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول قرنطینہ کے دوران اپنی رہائش گاہ سے سرکاری و سیاسی امور سرانجام دیں گے۔ذرائع کے مطابق بلاول کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے اپنا ٹیسٹ کرائیں گے۔