مزید خبریں

بگڑتی معاشی صورتحال روپے کا براحال ،ڈالر 205 روپے کا ہوگیا

کراچی (کامرس رپورٹر) ملک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور ڈالر تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔منگل کے روز کاروبارکے آغاز پر انٹربینک میں ڈالرکی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور کاروبار کے دوران ڈالر 202 روپے 75 پیسے کا ہوگیا تھا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے مہنگا ہوکر 205 روپیکا ہوگیا تھا۔کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالرکا بھاؤ 2.77 روپے بڑھ کر 202.83 روپے ہے، انٹربینک میں ڈالر کی یہ ریکارڈ بلند ترین قیمت ہے۔کاروبارکے اختتام پر اوپن میں ڈالرکا بھاؤ 3.50 روپے بڑھ کر 204روپے ہے، اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی یہ ریکارڈ بلند ترین قیمت ہے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور تیل سے متعلق ادائیگیوں کے سبب امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ تنزلی کا شکار ہے۔ آئندہ دنوں میں ڈالر کی اڑان مزید بلند ہونے کا امکان ظاہر کیا جار ہا ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق آئندہ ہفتے ہونے والے مالیاتی ٹاسک فورس کے اجلاس کے پیش نظراور روپے کی قدر میں کمی کو تیل کی ادائیگیوں کی وجہ سے ایک بار پھر روپیہ گراوٹ کا شکار ہے ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو بھی1.50روپے مہنگا ہو گیا جس سے یورو کی قیمت خرید 213روپے سے بڑھ کر 214.50 روپے اور قیمت فروخت215روپے سے بڑھ کر 216.50 روپے ہو گئی جبکہ ایک روپے کے اضافے سے برطانوی پائونڈ کی قیمت خرید 250 روپے سے بڑھ کر 251 روپے اور 1.50 روپے کے اضافے سے قیمت فروخت 252.50 روپے سے بڑھ کر 254 روپے ہو گئی۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق ایندھن، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے آئی ایم ایف کے 6 ارب ڈالر کے پروگرام میں تاخیر کی وجہ سے مہنگائی مزید بڑھنے کا امکان ہے، یہ شرح سود کی قیمت میں اضافی کا سبب بنے گا جس کی وجہ روپے کی قدر میں کمی کا امکان ہے۔ فاریکس ڈیلرز نے عالمی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مضبوطی کو روپے کی قیمت میں کمی سے منسلک کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں آؤٹ فلو زیادہ اور ڈالر بہت کم ہیں، اسٹیٹ بینک بھی کوئی لیکویڈیٹی فراہم نہیں کر رہا ہے جبکہ سویپ پریمیم میں بھی زبردست کمی آئی ہے۔