مزید خبریں

ٹنڈومحمد خان ،بااثر افراد کا دکان پر قبضہ م،مالکان کا احتجاج

ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت)بااثر افراد کا دکان پر زبردستی قبضہ ، دیوار گرا کر ہماری دکان پر قبضہ کر لیا گیا ، قبضہ مافیا کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی ، لیکن تاحال ہمیں دکان کا قبضہ واپس نہ مل سکا ، انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے ، ہندو پنچائت کے رہنماؤں ڈاکٹر جی ایم گل ، ڈاکٹر چمن لال ، جے دیوجھامنداس کی پریس کلب ٹنڈومحمدخان میں پریس کانفرنس۔ تفصیلات کے مطابق ہندو پنچائت کے رہنماؤں ڈاکٹر جی ایم گل ، ڈاکٹر چمن لال ، اشوک کیلا ، دیوان ڈھولانو ، دیوان نریش ، دیوان رمیش ، دیوان سارنگ ، دیوان سوبراج ودیگر نے پریس کلب ٹنڈومحمدخان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ اقلیتی برادری کی مذہبی عبادت گاہوں مندروں کی بے حرمتی کے بعد اب ہندو برادری کی ذاتی املاک پر بھی قبضے کا عمل شروع کردیا گیا ہے ، ٹنڈومحمدخان کی مین شاہراہ نیشنل بینک کے قریب ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے شخص کی دکان پر دیواریں توڑ کر بااثر افراد محمد علی کھوکھر ، زبیر احمد ، ندیم کھوکھر ودیگر نے اسلحہ کے زور پر قبضہ کر لیا ہے ، جس پر قبضہ ختم کرائے جانے کے بجائے ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے ہو ٹل مالک کو دھمکیاں دی جارہی ہیں ، سٹی پولیس اسٹیشن میں قبضہ مافیا کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے ، لیکن پولیس کئی روز گذر جانے کے باوجود اب تک ہوٹل پر قبضہ خالی کرانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے ، ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو بھی تاحال گرفتار نہ کیا جا سکا ہے ، آل پاکستان ہندو جماعت اور ہندو پنچائت کے رہنماؤں نے صدر پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ سندھ ودیگر سے اپیل کی ہے کہ ہندو برادری کی دکان پر بااثر افراد کے قبضے کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور دکان سے قبضہ ختم کرا کر ملک پاکستان میں اقلیتی برادری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ، بصور ت دیگر ہندو برادری ملک بھر میں قبضہ مافیا کیخلاف احتجاجی تحریک چلائے گی۔