مزید خبریں

مٹیاری ،قیامت خیز گرمی کے باعث دو افراد دم توڑگئے

مٹیاری(نمائندہ جسارت)مٹیاری ضلع میں قیامت خیز گرمی سے دو افراد بے ہوش ہوکر دم توڑگئے ،گرمی کے باوجود بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ،مضر صحت پانی اور موسمیاتی تبدیلی سے گیسٹرو کا مرض وبائی صورتحال اختیار کرگیا100 مریض سرکاری نجی اسپتالوں میں داخل ،مشروبات اور برف کے استعمال میں اضافے سے منافع خور تاجروں نے قیمتیں بڑھادی ۔ مٹیاری ضلع کے ہالا،بھٹ شاہ ،نیوسعیدآباد ،کھیبر ، اڈیرو لال ،مٹیاری سمیت چھوٹے بڑے شہر و دیہات میں گرمی 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی ہے جس سے سورج آنکھ دکھانے لگاہے شدید گرمی سے مٹیاری اور گردونواحمیں دو افراد بے ہوش ہوکر دم توڑگئے جبکہ حیسکو کی جانب سے قیامت خیز گرمی کے باوجود ہر گھنٹے ،دوگھنٹے میں بجلی کی دوگھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ آنکھ مچولی کی جارہی ہے جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن کررہ گئی ہے تودوسری طرف کاروبار شدید متاثر ہورہاہے اور رات کو بجلی بند ہونے سے ہزاروں لوگ جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں شدید قیامت خیز گرمی میں محکمہ پبلک ہیلتھ کی غفلت اور لاپرواہی سے کئی آراوپلانٹس ناکارہ اور غیر فعال ہونے سے ضلع کے لاکھوں افراد مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں ۔ڈاکٹروں کے مطابق مضر صحت پانی کے استعمال اور موسمیاتی تبدیلی سے گیسٹرو مرض وبائی صورتحال اختیار کرگیاہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ضلع میں 100 مریض گیسٹرو میں مبتلااسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ ٹھنڈے مشروبات اور برف کے زیادہ استعمال سے منافع خور تاجروں نے مشروبات اور برف کی قیمتیں بڑھادی ہیں۔