مزید خبریں

شہباز شریف کے دوروں پر اشتہارات کے خلاف درخواست خارج

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیرونی دوروں پر عوامی پیسوں سے اشتہارات کی اشاعت کے خلاف تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان کی جانب سے دائر درخواست ناقابل سماعت قرارد ے کر خارج کردی۔ عدالت نے پیرکو 7 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے بڑی احتیاط سے اخبارات میں چھپے اشتہار کا جائزہ لیا، اشتہار وزیر اعظم کی ذاتی تشہیر نہیں بلکہ پاکستان اور ترکی کے خصوصی تعلقات سے متعلق ہے،اخباری اشتہارات میں ترک صدر کی تصویر بھی لگائی گئی ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اشتہار میں کوئی ایسا مواد نہیںجسے وزیر اعظم کی ذاتی تشہیر قراردیا جاسکے‘ عدالت بھی پاکستان ترکی تعلقات کے اشتہار کو متنازع نہیں بنائے گی‘یہ عدالت پارلیمنٹ کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرسکتی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست ناقابل سماعت قراردے کر خارج کردی۔