مزید خبریں

ایٹمی پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری بیانات سے گریز کیا جائے ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ ایٹمی پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری بیانات سے بہرصورت گریز کیا جائے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے تحت علاقائی عوامل اور سیکورٹی پر سیمینارمنعقد کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور ڈپٹی چیئرمین نیشنل کمانڈ اتھارٹی جنرل ندیم رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت مادر وطن کے دفاع اور سا لمیت کی ضامن ہے، نیوکلیئر پروگرام کو عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے، سول اور ملٹری قیادت اسٹرٹیجک پروگرام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ان کا یہ بھی کہناتھاکہ قومی سیکورٹی ناقابل تقسیم ہے ، پاکستان اپنے نیوکلیئر پروگرام پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا، پاکستان ذمے دار اور پراعتماد نیوکلیئر ملک ہے، پاکستان کی پالیسی فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس ہے جو کہ قابل اعتماد ایٹمی توازن کے دائرہ کار میں ہے، ہمارا قومی سیکورٹی اور سیفٹی میکنزم ہر قسم کے خطرے کے خلاف بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق ہے۔ جنرل ندیم رضا نے مزیدکہا کہ صرف نیشنل کمانڈ اتھارٹی ہی اسٹریٹجک پروگرام پر ریسپانس اور تبصرہ دینے کی مجاز ہے۔