مزید خبریں

میرپورخاص، مختلف علاقوں میں رکھی آہنی کچرا کنڈیاں فروخت

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)میونسپل کارپویشن کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں رکھی گئی لاکھوں روپے مالیت کی آہنی کچرا کنڈیاں افسران اور عملے نے کوڑیوں کے بھائو فروخت کر دیں، صفائی کا عملہ گلی محلوں میں کچرا جمع کر کے اسے آگ لگا دیتا ہے جس کی بدبو سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں اور سانس کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں، شہریوں نے میونسپل کارپوریشن کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ کچرے کو آگ لگانے کے بجائے اسے ٹھکانے لگایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ میرپورخاص کو کارپویشن کا درجہ ملنے کے بعد تبدیلی کا یہ عالم ہے کہ بلدیہ کے دور میں لاکھوں روپے مالیت کی سینکڑوں آہنی کچرا کنڈیاں جو کہ شہر کے مختلف علاقوں میں مخصوص جگہ پر رکھی گئیں تھیں جن میں ان علاقوں کے رہائشی اپنے گھروں کا کوڑا کرکٹ ڈالا کرتے تھے کارپوریشن کا درجہ ملنے کے بعد میونسپل کارپوریشن کے افسران اور عملے نے کوڑیوں کے بھائو فروخت کر کے رقم اپنی جیبوں میں ٹھونس لی ہے اور کسی کو کان و کان خبر تک بھی نہ ہونے دی آہنی کچرا کنڈیاں غائب ہونے کے بعد اب شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور میونسپل کارپوریشن کا عملہ کچرے کو ٹھکانے لگانے سے گریزاں ہے جبکہ صفائی کا عملہ گلی محلوں میں جھاڑو سے کچرا جمع کر کے اسے ٹھکانے لگانے کے بجائے آگ لگا دیتا ہے جس سے نا صرف سانس سمیت دیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں بلکہ اس کے دھویں سے علاقہ مکین اذیت میں مبتلا ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آہنی کچرا کنڈیوں کو فروخت کرنے کی تحقیقات کروا کر ذمے داروں کو نشان عبرت بنا کر دوبارہ کچرا کنڈیا ں رکھوا کر ان کو روزانہ کی بنیاد پر خالی کروایا جائے اور صفائی کے عملے کو ہدایت کی جائے کہ وہ جمع کیے جانے والے کچرے کو آگ لگانے کے بجائے ٹھکانے لگایا جائے تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔