مزید خبریں

بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہو کر خدمت کریں گے، جہانگیر پٹھان

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنما اور پیپلزلائرز فورم کے حیدرآبا د ڈویژن کے فنانس سیکرٹری جہانگیر خان پٹھان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہوگیا اور پیپلز پارٹی اس مرتبہ بھی بھرپور طریقے سے کامیاب ہوکر عوام کی خدمت کرے گی۔ وہ اپنے حلقہ کچاقلعہ شاہ فیصل کالونی کینٹ بورڈ وارڈ نمبر 5 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ جہانگیر خان پٹھان نے کہاکہ پیپلزپارٹی صوبے میں مضبوط جماعت بن کر اُبھری ہے ۔ آنے والا وقت سندھ سمیت ملک بھر میں پیپلزپارٹی کا ہے کیونکہ ملک کے عوام یہ سمجھتے ہیں کہ آصف زرداری اور بلاول زرداری ہی اس ملک کو بہتر بنانے کے علاوہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی سے عوام کو بڑی توقعات وابستہ ہے یہ عوام کی اُمیدوںپر پورا اُتریں گے کیونکہ اس میں پیپلزپارٹی کے قائدین پاکستان کو مستحکم اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بڑی تیزی سے ملک میں مایوسی پھیلائی جارہی ہے جس کے پاکستان میں منفی اثرات مرتب ہوں گے جو کسی کے لیے بہتر نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی لائرز فورم کے ممبران بھی انتخابات کی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔