مزید خبریں

پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے تمام اہداف پورے کرلیے

اسلام آباد(آن لائن) دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے تمام اہداف پورے کرلیے ہیں، جس کے بعد پاکستان کے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس کیلئے متعلقہ امور کی نگرانی وزارت خارجہ کے سپرد کردی گئی ہے، جس کے بعد وزارت خارجہ نے اس حوالے سے محتاط حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ فیٹف کا 4 روزہ اجلاس 13 سے 17 جون تک برلن میں ہوگا، جس میں پاکستان سے متعلقہ امور 15 اور 16 جون کو پلینری سیشن میں زیر غور آئینگے، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلیے حنا ربانی کھر وفد کے ہمراہ برلن جائیں گی۔ایف اے ٹی ایف کے آئندہ اجلاس سے پاکستان کیلیے اچھی خبر سامنے آنے کا امکان ہے، پاکستان نے گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں واپسی کے تمام اہداف پورے کرلیے ہیں۔ ایف اے ٹی ایف کے مطابق 27 میں سے 26 نکات پر پاکستان نے کام مکمل کر لیا ہے۔