مزید خبریں

ملک میں آبی بحران سنگین ،قلت کا 22سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

اسلام آباد (آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں پانی کے بحران نے 22 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، اس وقت صوبوں کو 50 فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے، جب کہ آبی ذخائر میں پانی کی کمی 97 فیصد ہو گئی ہے۔ ارسا کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق دریاؤں میں 56 فیصد کم پانی آ رہا ہے، جب کہ تربیلا ڈیم گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے خالی اور منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ نہ ہونے کے برابر ہے، دریاؤں میں پانی کا مجموعی بہاؤ ایک لاکھ 25 ہزار کیوسک ہے، اس کے برعکس گزشتہ سال ان دنوں دریاؤں میں پانی کا مجموعی بہاؤ 2 لاکھ 84 ہزار کیوسک تھا، ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ ایک لاکھ ایکڑ فٹ رہ گیا ہے، جب کہ گزشتہ سال ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ 35 لاکھ ایکڑ فٹ تھا۔ارسا کی دستاویز کے مطابق صوبہ سندھ اور پنجاب کو 60 ہزار کیوسک پانی دیا جا رہا ہے، جب کہ صوبہ پنجاب کے پانی کی طلب ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک اور صوبہ سندھ کے پانی کی طلب ایک لاکھ 30 ہزار کیوسک ہے، بلوچستان کو 15 ہزار اور کے پی کو 3 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ دریائے چناب اور جہلم سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، دریائے جہلم میں پانی کی کمی کے باعث منگلا ڈیم آدھا بھی نہیں بھر پائے گا اور خدشہ ہے کہ منگلا ڈیم میں ربیع سیزن کے لیے بھی پانی نہیں ہو گا۔