مزید خبریں

لوڈشیڈنگ:جماعت اسلامی افسران کو ٹاسک دینے کا خیرمقدم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلیے افسران کو ٹاسک دینے والے عمل کا خیرمقدم کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ مہنگائی،ظلم وناانصافیوں کے مارے عوام اب دعووں اور نمائشی اقدامات کی بجائے بجلی بحران سے نجات کیلیے عملی اقدامات کے منتظر ہیں، جماعت اسلامی سندھ کے نائب امراء پروفیسرنظام الدین میمن، ممتاز حسین سہتو،حافظ نصراللہ عزیز،انجنیئر اظہار الحق اور جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے آج ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے معیشت کا پہیہ جام،کاروبار ٹھپ اور عوام کو ذہنی مریض بنادیا ہے،بجلی کمپنیاں نت نئے ٹیکس لگاکر بھاری بلوں کے ذریعے عوام کا خون نچوڑنے میں مصروف ہیں مگر بجلی کی پیداوار بڑھانے،لائن لاسز کے خاتمے اور صارفین کو سہولیات دینے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔شہری علاقوں میں 10اور دیہات میں 16گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے ،سخت گرمی کے باوجود بدترین لوڈشیڈنگ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کا لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور 24گھنٹوں میں صرف 02گھنٹے لوڈشیڈنگ کا اعلان خوش آئند تاہم نمائشی نعروں ودعووں اور بیانات کی بجائے عوام اس پر عمل ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں، وزیراعظم نے قائد ایوان منتخب ہونے کے پہلے ہی روز ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیا تھا مگر عوام جانتے ہیں کہ رمضان شریف اور ابتک بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام کس اذیت سے دوچار ہیں۔