مزید خبریں

مغرب روحانی افلاس کا شکار ہے‘ فرحانہ اورنگ زیب

مغرب کی کوشش ہے وہ اپنے اصول مسلم معاشرے میں لاگو کر کے اْسی طرح ہمارے معاشرے کو برباد کرے جیسے مغربی معاشرہ ہوچکا ہے۔ یہ بات نائب معتمدہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی فرحانہ اورنگزیب نے ضلع کورنگی کے اجتماع ارکان میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی اقوام بالعموم مسلمان مغرب کی اس ظاہری چکا چوند کو دیکھ کر نفسیاتی مرعوبیت کا شکار ہیں اور اپنے صالح پاکیزہ اقدار پر اعتماد کرنے کے بجائے مغربی ثقافت کی چاہت میں اپنا سب کچھ برباد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اللہ کی ربوبیت اور حاکمیت کو پہچان کر عمل نہیں کرلیتے تب تک ہم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل نہیں کرسکتے۔ بعد ازاں ناظمہ ضلع کورنگی ناہید ظہیر نے خاندان کی اہمیت اور معاشرے میں طلاق کی تیزی سے بڑھتے ہوئے واقعات پر بات کرتے ہوئے کہا معاشرہ عدم برداشت کا شکار ہو رہا۔ مضبوط خاندان ہمارا مستقبل ہے۔ ہمیں اپنے خاندان اور مستقبل کو بچانا ہے تو اللہ اور اس کے رسولؐ کے احکامات پر چلنا ہوگا۔