مزید خبریں

حکومت سندھ کی ہٹ دھرمی

گروپ انشورنس کے بارے میں کیبنیٹ میٹنگ کافیصلہ حکومت سندھ نے باضابطہ طور پر میڈیا کو جاری نہیں کیا۔ لیکن ایک “منٹس آف میٹنگ” منظر عام پر آئے ہیں جن کے مطابق 10 مئی کو سندھ کیبنیٹ کی میٹنگ میں گورنمنٹ ملازمین کو گروپ انشورنس کی پیمنٹ کی پرانی پالیسی کو برقرار رکھا گیا ہے اس طرح ریٹائر منٹ پر کسی بھی گورنمنٹ ملازم کو گروپ انشورنس کی رقم ادا نہیں کی جائیگی اگر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تو ایک طرف یہ فیصلہ سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی اور توہینِ عدالت ہے جبکہ دوسری طرف خیبر پختون خوا میں حکومت نے سپریم کورٹ کے آرڈرز پر مکمّل عمل شروع کر دیا ہے۔ سیسی آفیسرز مینجمنٹ فاؤنڈیشن کے چیئرمین عابد بخاری’ سابق ممبر گورننگ باڈی سیسی/ممبر فاؤنڈیشن عثمان میمن’ ممبرز فاؤنڈیشن چودھری رفیق’ عبدالغفور شیخ’ عمران خان’ ریاض رضا اور سید انعام علی نے ایسے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن ایک خود مختار ادارہ ہے اپنے بجٹ اور معاملات کا خود ذمہ دار ہے۔ فاؤنڈیشن نے کمشنر سیسی سے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے خیبر پختون خوا صوبے کی حکومت کی طرح سیسی ریٹائرڈ ملازمین کو گروپ انشورنس پے منٹ کی جائے۔ فاؤنڈیشن نے کمشنر سیسی سے گزارش کی ہے کہ فاؤنڈیشن کے پاس تجربہ کار’ ذہین اور قانون سے واقف سینئر افسران کی ٹیم موجود ہے’ سیسی انتظامیہ کو ضرورت محسوس ہو تو کسی بھی مسئلے پر مشاورت کی جا سکتی ہے۔