مزید خبریں

مہنگائی کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاج

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں اضافے، مہنگائی اورپانی کی جبری قلت کے خلاف کراچی سمیت حیدرآباد، جامشورو، میرپوخاص، بدین، بھان سعید آباد، سہون، جیکب آباد، ٹھل، سکرنڈ، نواب شاہ، دولت پور، نواب ولی محمد، قاضی احمد، رانی پور، گمبٹ، سکھر، گھوٹکی، شکارپور، لاڑکانہ اور کندھ کوٹ سمیت سندھ بھر کے مختلف شہروں میں حکومت کے خلاف نعریبازی کرتے ہوئے ریلیا ں، دھرنے اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ بھا ن سعید آباد میں سندھ یونائیٹڈپارٹی کے سینئر نائب صدر روشن علی برڑو کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب پر دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر روشن علی برڑ و نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن اور غلط پالیسوں کی وجہ سے ملک تباہ ہو چکا ہے،سندھ میں آٹے اور دال کی قیمتیں پنجاب اور خیبرپختونخوا سے بھی مہنگی ہیں، سندھ میں پانی کی قلت کی ذمے دار وفاقی اور سندھ حکومت ہے، عوام کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کریں۔ دوسری جانب سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے چیئرمین و کنوینر سندھ ایکشن کمیٹی نے کراچی سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک ہفتے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت 60 روپے بڑھا کر حکومت نے عوام پر جبر اور ظلم کی انتہا کر دی ہے، ملک کو آئی ایم ایف کے پاس یرغمال بنا دیا گیا ہے،نیب زدہ حکومت عوام پر معاشی بوجھ ڈال رہی ہے۔پیٹرول، ڈیزل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ،صنعت اور تجارت کا پہیہ جام ہو چکا ہے۔غریب طبقہ دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو گیا ہے جبکہ حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں۔سندھ میں صرف زرداری اینڈ کمپنی کی زمینیں آباد ہیں باقی پانی کی بوند کو ترس رہے ہیںہم جبر اور ظلم کی حکومت قبول نہیں کریں گے، نیب زدہ حکومت کا کڑا احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔