جیکب آباد (نمائندہ جسارت)جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے سندھ بلوچستان کو ملانے والی اہم شاہراہ دلمراد سے مانجھی پور وایہ کریم بخش روڈ نہ بنانے کے خلاف جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، سندھ کے ممتاز مبلغ مولانا صبغت اللہ جوگی، مولانا عبدالجبار رند ،انجینئر حماداللہ انصاری ،عابد ابڑو، مولانا غلام شبیر شیخ، ڈاکٹر عاشق حسین کھوسو، شوکت خان کھوسو، قاضی ممتاز احمد اور دیگر کی قیادت میں جامعہ دارالہدی سے نکالا گیا، بڑی تعداد میں شہریوں اور مظاہرین نے مختلف راستوں سے مارچ کرکے سخت نعرے لگائے بعد میں خانپور چوک کریم بخش پر دھرنا دیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ کئی سالوں سے سندھ بلوچستان کے سنگم کا اہم روڈ زبوں حالی کا شکار ہے، ٹھیکیدار نے پتھر اُتار کر غائب ہو گیا ہے جس سے آنے جانے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کروڑوں روپے ہڑپ کیے ہیں لیکن ان کو یہ کروڑوں کی رقم ہڑپ نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد دلمراد مانجھی روڈ بنایا جائے ورنہ وہاں کے ہزاروں شہریوں اور جے یو آئی کے کارکنوں کے ساتھ ڈی سی آفسکے باہر دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔