مزید خبریں

ماتلی: پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف شہری سڑکوں پر آ گئے

ماتلی(نمائندہ جسارت ) ضلع بدین کے تعلقہ ہیڈ کوارٹر ماتلی کے شہری بھی پی ڈی ایم کی وفاقی حکومت کی جانب سے ایک ہفتے میں پیٹرول و ڈیزل کے نرخوں میں 60 روپے کے ظالمانہ اضافہ کے خلاف سڑکوں پر آگئے ۔نماز جمعہ کے بعد فلکارہ چوک سے نکالی جانے والی ریلی میں پی ٹی آئی وکلا برادری سمیت شہر کی دیگر سماجی اور شہری تنظیموں کے درجنوں کارکنوں اور عام شہریوں نے شرکت کی۔ احتجاجی ریلی سے ظہیر احمد نظامانی، ایڈوکیٹ زاہد حسین چڈھر، عبدالمقیت نظامانی المعروف چھوٹا کپتان اور دیگر نے کلب چوک پر تقاریر کیں۔ مقررین نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حمایت یافتہ مسلم لیگ ن کی نااہل وفاقی حکومت نے پورے ملک میں مہنگائی کا ایسا طوفان کھڑا کر دیا ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ ظالم وفاقی حکمران نے عمران خان کی حمایت کرنے پر عوام کو سزا دینے کے لیے مہنگائی کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے منہ سے روٹی کا نوالا چھین کر آئی ایم ایف کا پیٹ بھرنے والی موجودہ عوام دشمن حکومت کو فوری طور پر نہ بھگایا گیا تو یہ مہنگائی کا طوفان لا کر ملک میں خانہ جنگی کرا دے گی۔