مزید خبریں

مستحکم معیشت کے بغیر دفاعی سلامتی بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے، خواجہ آصف

سیالکوٹ ( خبر ایجنسیاں) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مستحکم معیشت کے بغیر دفاعی سلامتی بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے، پاکستان کا معاشی مستقل گروی رکھا گیا۔ ہمارے لیے ملکی سلامتی اہم ہے جبکہ منصوبے کے تحت ملکی معیشت تباہ کی گئی، لیکن ہم اقتدار میں سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے نہیں آئے، پی ٹی آئی والے آج بھی اسمبلی میں آنے کے لیے بیتاب ہیں لیکن گزشتہ 4 سال سے ملک میں کیا ترقی ہوئی؟۔انہوں نے کہا ہے کہ ترقیاتی کام کروانا ہمارا فرض ہے،پاکستان مسلم لیگ ن کے گذشتہ 5سالہ دور حکومت میں بھی خدمت کا سفر جاری رہا۔گذشتہ 4 سال میں ہمارے دور کے شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کو سوچ سمجھ کر روک دیا گیا۔پاکستان کا معاشی مستقل گروی رکھا گیا، ہم یہ زنجیریں توڑیں گے۔یہ ایک منصوبہ تھاکہ پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کیا جائے اور معاشی طور پر ایسی مشکلات پیدا کی جائیں کہ پاکستان کئی دہائیاں پیچھے چلا جائے۔ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے ساتھ پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازش کی گئی۔70سالوں میں کسی نے بھی سیاسی جماعت یا حکمران نے اداروں کے ساتھ اختلافات کے باوجود اداروں کے تقدس کو پامال نہیں کیا ۔یہ آج اداروں پر حملہ آور ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیسپ پراجیکٹ کاسنگ بنیاد رکھنے کے بعد شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت پارٹی رہنمائوں و کا رکنان کی بڑی تعداد مو جود تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تو آئے ہوئے 45 دن ہوئے ہیں۔گزشتہ 4سال لوگوں نے عیاشیاں کیں، کرپشن کی ، دوائیوں کھانے پینے کی اشیا ، گندم اورچینی سمیت ہر معاملے میں پیسہ بنایا گیا ہے۔ جو اپنے آپ کو پاکستان کا مطلق العنان حکمران کہتا تھا آج بھگوڑے کی طرح پشاور میں بیٹھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے ہمارے ایٹمی پروگرام ، اندرونی اداروں،اور پاکستان کی سالمیت پر اٹیک کرتا ہے ۔ایک منظم طریقے سے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف زبان استعمال ہورہی ہے یہ عمران خان کے عمل اور رویے سے نوجوان نسل کی تربیت کا نتیجہ ہے اس پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔ یہ ان کی تنگ نظری کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخص آج بھی کے پی کے حکومت کے وسائل استعمال کررہا ہے،کے پی کے حکومت کا ہیلی کاپٹر، سیکورٹی اور کھانا بھی اپنی ذات کیلیے استعمال کررہا ہے۔ اس کے ہاتھ ہمیشہ دوسرے کی جیب میں ہوتے ہیں۔