مزید خبریں

حکمران عوام کا خون نچوڑنے میں مصروف ہیں،حسین محنتی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سابق وموجودہ حکمران غیروں کی غلامی اور عوام کاخون نچوڑنے میں مصروف ہیں۔ ثابت ہوگیا کہ چہروں سے نہیں نظام کی تبدیلی سے ہی ملک وقوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ عوام اپنے مسائل کے حل اور کرپٹ قیادت سے نجات کے لیے بلدیاتی انتخابات میں اہل ودیانتدار نمائندوں کو ووٹ دیں۔ سندھ کو اپنے حصہ کا پانی دیا جائے حکومتی نا اہلی کی وجہ سے آج سندھ کے عوام مہنگائی بے روزگاری ، اور بدامنی سے پریشان جبکہ کاشتکار زراعت اور لوگ پینے کے صاف پانی سے محرو م ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امین مسجد ٹنڈو الہیار میں تنظیمی اجلاس اور پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ امیر ضلع دیدار حسین بہرانی ، حاجی شفیق مغل ،راؤ جاوید احمد ، عاشق حسین خانزادہ ،عبدالوحید کے کے ودیگر ارکان شوریٰ و ذمے داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ حالیہ مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل گئیں ہیں ، عوام کا سانس لینا بھی مشکل بنتا جا رہا ہے۔پی ٹی آئی نے 3 سالہ دور میں 56 روپے جبکہ شہباز شریف کی اتحادی حکومت نے ایک ہفتے کے دوران ایک ساتھ 60 روپے فی لیٹر پیٹرول مہنگا کر کے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔آخرعوام کو ہی کیوں قربانی کا بکرابناکرسارا بوجھ ان پرڈالاجا رہا ہے۔ معاشی حالات ٹھیک کرنے ہیں توایثاروقربانی کا مظاہرہ اپنی ذات سے شروع کرنا ہوگا اس لیے ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے سب سے پہلے ارکان ،پارلیمنٹ ججز و جرنیلوں اور بیو رو کریسی کی تنخواہ ومراعات میں کمی کی جائے۔صوبائی امیر نے دوسرے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاری کا جائزہ اورذمے داران کو ہدایات کی کہ وہ اس حوالے سے بھرپورحکمت عملی بنائیں۔