مزید خبریں

تیل قیمتوں میں اضافے کے خلاف بنارس چوک پر مظاہرہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے تحت بنارس چوک پر پیٹرول، ڈیزل اور بجلی سمیت اشیاء خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی،جس سے امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی فضل احد اور سابق ایم پی اے و نائب امیر حمید اللہ خان، ڈاکٹر نور حق سمیت ضلعی ذمے داران نے خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی فضل احد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم نے اپنے کپڑے بیچنے کے بجائے عوام کے تن سے کپڑے اور منہ سے نوالہ تک چھین لیا ہے، حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کے لیے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا ہے۔ پی ڈی ایم حکومت بھی آئی ایم ایف کی غلامی میں سابق حکومت کا تسلسل ثابت ہوئی ہے۔پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔اشیاء خور و نوش عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں۔پی ڈی ایم حکومت کے پاس مہنگائی کو کنٹرول کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔آئے دن مہنگائی میں اضافہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کا شاخسانہ ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ وزیر اعظم پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیں ۔