مزید خبریں

حکومت نے مشکل حالات اور چیلنجز کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے،وزیراعظم

گوادر(مانیٹرنگ ڈیسک،خبر ایجنسیاں) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں تیل اورگیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے کیونکہ عالمی طورپرمہنگائی بڑھی ہے۔ترک ٹی وی چینل کو انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں تیل اورگیس کی قیمت میں اضافہ اس لیے کیا گیا کیونکہ عالمی سطح پرمہنگائی بڑھ گئی ہے۔ہم غربت کی لکیرسے نیچے ا کی آبادی کو سبسڈی دے رہے ہیں۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ عام انتخابات اپنے وقت پریعنی 15 ماہ بعد ہوں گے۔ ملک میں آئینی اورقانونی طریقے سے حکومت تبدیل ہوئی ہے۔ عام انتخابات اگست یا ستمبر2023 میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات اور چیلنجز کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسائل کے حل کے لیے وسائل پیدا کیے جائیں گے اوراس کیلیے دوست ممالک سے مدد لی جائے گی۔غربت میں کمی لانے کیلیے ملک میں تعمیر نو کی جائیگی۔ہمسایہ ممالک کے ساتھ مسائل بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا، خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا ۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دل پر پتھر رکھ کرمجبورا بڑھانا پڑیں ،8کروڑ غریب افراد کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی، اشرافیہ کو بھی اب قربانی دینا ہو گی، شروعات اپنے آپ سے کروں گا ، ایسٹ بے ایکسپریس وے کی تعمیر سے گوادر نیشنل ہائی وے سے منسلک ہو جائے گا، گوادر میں بجلی کی قلت کو پورا کرنے کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا،بینکوں کے ذریعے سولر پینل مہیا کیے جائیں گے، گوادر یونیورسٹی کیلیے فنڈز مختص کریں گے، 2ہزار ماہی گیر خاندانوں کو کشتیوں کے انجن مفت فراہم کریں گے، بلوچستان کے 5لاکھ اضافی گھرانوں اور گوادر کے تمام گھرانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس وے منصوبہ کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، پاکستان میں چینی سفارتخانہ کی ناظم الامور پانگ چن ژی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کا فضائی معائنہ کیا ہے، گوادر ائرپورٹ چین کی حکومت کی گرانٹ سے تعمیر کیا جا رہا ہے، ایسٹ بے ایکسپریس وے مکمل ہو گئی ہے اور اس کی تعمیر سے گوادر نیشنل ہائی وے سے منسلک ہو جائے گا، اس سے سامان کی نقل و حمل میں آسانی ہو گی، گوادر میں ایک ڈی سیلینیشن پلانٹ کا بھی انتظام کیا گیا ہے، ہمارے سکیورٹی ادارے چینی شہریوں کو سکیورٹی کی فراہمی کیلیے اپنی ذمہ داری بخوبی ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ایک اجلاس کی بھی اجلاس صدارت کی ہے جس میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا، اس وقت تک ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تسلی بخش نہیں ہے، گوادر ائرپورٹ ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا حالانکہ 2017-18 میں اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا، گوادر پورٹ دنیا کی ڈیپ سی پورٹ ہے لیکن اس کی ڈریجنگ نہ ہونے کی وجہ سے گہرائی کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے بڑے بحری جہاز یہاں لنگر انداز نہیں ہو سکتے، یہ مسئلہ بھی حل کرنا ہو گا اور ہمیں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماہی گیروں کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، گوادر کے شہریوں کو آسان شرائط پر سولر پینل فراہم کریں گے، بینکوں سے قرض کے حصول میں بھی آسانی پیدا کی جائے گی، غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ماہی گیروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر میں بجلی کی فراہمی ضروری ہے، گوادر میں ماہی گیروں کیلیے چین 3200 سولر پینل فراہم کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سولر پینل بینکوں کے ذریعے آسان شرائط پر ماہی گیروں کو فراہم کیے جائیں گے، ماہی گیر جتنا بجلی کا بل ادا کرتے ہیں اس سے کم سولر پینل کی قسط ادا کرکے بجلی کی سہولت سے استفادہ کریں گے، جب سولر پینل کی قیمت مکمل ادا ہو جائے گی تو ماہی گیروں کو مفت بجلی ملے گی۔علاوہ ازیںوزیر اعظم شہباز شریف نے جمعہ کوکمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ وزیر اعظم کے ساتھ تھے ۔ وزیر اعظم کو کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور فوج کی دفاعی تیاریوں کے حوالے سے بتایا گیا، وزیراعظم نے بطور مہمان کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کی۔ وزیراعظم نے افسروں سے خطاب بھی کیا۔ ،کوئٹہ آمد پر وزیراعظم امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی، جب کہ حکام کی جانب سے انہیں شیرانی کے جنگلات میں لگنے والی آگ اور اس کے نقصانات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔