مزید خبریں

40 ہزار تک کمانے والوں کو ٹرانسپورٹیشن کیلئے 2 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا،وزیر پیٹرولیم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ 35 سے 40 ہزار روپے کمانے والوں کو اپنی ٹرانسپورٹیشن کے لیے 2 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔مصدق ملک نے کہا کہ اس وقت ہر 6 میں سے 4 خاندانوں کی آمدنی37 ہزار روپے سے کم ہے۔ ہر غریب خاندان کو اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے 2 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔ 40 ہزار روپے تک کی آمدنی والے غریب افراد کو سہولت دے رہے ہیں تاکہ وہ اپنی مرضی سے یہ رقم خرچ کر سکیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ویب سائٹ پر عمران خان کا معاہدہ آج بھی موجود ہے۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی جتنی قیمتیں بڑھانی تھیں وہ بڑھا دی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومت ختم ہونے سے کچھ دن قبل اس وقت کے وزیر توانائی نے ایک خط تحریر کیا تھا جس میں روس سے تجارت کے فروغ اور پیٹرولیم کے شعبے میں تجارت کی درخواست کی گئی تھی لیکن اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان نہ کوئی معاہدہ ہے اور نہ ہی کسی مفاہمت کی یادداشت پردستخط ہوئے ہیں، اگر 30 فیصد سستا تیل مل رہا تھا تو پی ایس او کے ٹینڈر میں کیوں نہ آتا؟انہوں نے کہا کہ نہ تو اس وقت کے وزیر توانائی کے خط کا کوئی جواب روس سے آیا اور نہ ہمارے سفیر نے جب روس کے وزیر توانائی سے ملاقات کی تو انہوں نے اس حوالے سے کوئی جواب دیا۔ مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دی گئی سبسڈی کی قیمت آج عوام ادا کر رہے ہیں، عمران نے جو سبسڈی دی اس کی منظوری کہیں سے نہیں لی، ہم نے لیوی نہیں بڑھائی، اس کا بوجھ ہم نے اٹھایا۔