مزید خبریں

جھڈو : بم بنانے میں مصروف 3دہشتگرد گرفتار،تین فرار

جھڈو(نمائندہ جسارت) جھڈو پولیس نے مخفی اطلاع پرنواحی علاقے دیہہ 372میں بارودی مواد سے بم بنانے میں مصروف سندھودیش ریولیشن آرمی(آرایس اے)سے تعلق رکھنے والے بین الصوبائی گروہ کے 3 دہشت گردوں کوگرفتار کرلیا جبکہ 3 دہشت گرد تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے،پولیس نے دیسی ساختہ بموں کو بھی ناکارہ بناکر بارودی مواد تحویل میں لے لیا،گرفتار دہشت گردوں کی شناخت مردان شر،دیدار شر اور خالد شر کے نام سے ہوئی ہے جوکوٹری ریلوے ٹریک کو بارودی مواد سے اڑانے اور نسلی فسادات پھیلانے کیلیے سندھڑی میں ڈاکٹر یوسف آرائیں کے قتل میں ملوث اور مفرورہیں،دہشت گردوں پر نصف درجن کے قریب دہشت گردی کے مقدمات پہلے ہی درج ہیں،دہشت گردوں سے جدید اسلحہ بھی بر آمدہواہے۔یہ بات ڈی ایس پی جھڈو نندلال مشوری نے جھڈو پولیس اسٹیشن پر پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔ڈی ایس پی جھڈو کے مطابق دہشت گردوں نے دوران تفتیش بتایاہے کہ وہ بیرون ممالک سے ملنے والی بھاری رقم کے عوض سرکاری املاک،حساس اداروں کے جوانوں کو نشانہ بناتے اور ریلوے ٹریک پر بم دھماکے کرتے تھے جبکہ نسلی فسادات پھیلانے کیلیے مختلف بااثرلسانی شخصیات پر حملہ کرکے انتشار پھیلانے کی راہ ہموار کرتے تھے۔انہوں نے بتایاکہ گرفتار دہشت گردوں سے 1602کلوبارودی مواد،ہینڈ گرنیڈ،ڈیٹونیٹر،سرکٹ،پنیں اور بم بنانے میں استعمال ہونے والا مواد سامان بھی بر آمد ہواہے۔