مزید خبریں

کرنٹ لگنے و دیگر واقعات میں 4افراد جاں بحق ، 2زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میں حادثات و واقعات میں 4افراد جاںبحق ہوگئے،دیگر واقعات میں 2افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا شارع پاکستان کریم آباد پل پر موٹرسائیکل سوار کو تیزرفتار گاڑی نے کچل دیا ،متوفی کی لاش عباسی اسپتال پہنچائی گئی ،جہاں متوفی کی شناخت 35سالہ محمدناظم ولد محمد علیم کے نام سے کی گئی ،پولیس کے مطابق متوفی فیڈرل بی ایریا کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ اتحادٹاؤن کے علاقے بلدیہ ٹاؤن قائمخانی کالونی میں گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 28سالہ نوجوان سراج ولد شیرزمان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ،متوفی کی لاش عباسی اسپتال پہنچا ئی گئی ۔ نبی بخش کے علاقے بوہرہ پیر راجا مینشن بلڈنگ کے قریب فٹ پاتھ پر لاش کی اطلاع پرپولیس موقع پر پہنچ گئی اور 40سالہ شخص کی لاش کو اپنی تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلیے سول اسپتال پہنچایا ۔نیوکراچی گبول ٹاؤن پولیس چوکی کے قریب فٹ پاتھ پر لاش کی اطلا ع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور 32سالہ شخص کی لاش کو اپنی تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلیے عباسی اسپتال پہنچایا دوسری جانب چاکیواڑہ نمبر2پرنامعلوم سمت سے آنیوالی گولی لگنے سے 22سالہ کامل ولدطارق زخمی ہوگیاجسے طبی امدادکیلیے سول اسپتال منتقل کیاگیا۔ نیوکراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود صباء سینما کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 60سالہ جمال لودھی ولد عبدالغنی زخمی ہوگیا ۔ علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن سیکٹرساڑھے گیارہ میں شہری سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکوشہریوں کے ہتھے چڑھ گئے،نامعلوم افراد نے ملزمان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دو ڈاکو اسپتال میں دوران علاج چل بسے،پولیس کیمطابق تیسرا ڈاکو اسپتال میں زیر علاج ہے جس کی حالت بھی تشویشناک ہے،ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دورا ن مزاحمت پر فائرنگ کرکے نوجوان کو زخمی کردیا ، نوجوان کے شور مچانے پر علاقہ مکین جمع ہوئے اور تینوں ڈاکوؤں کو پکڑلیا۔ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ رحمت چوک کے قریب تین ملزمان شہری سے لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران شہری نے مزاحمت کی جس کے نتیجے میں ملزمان نے فائرنگ کرکے نوجوان کوزخمی کردیا،نوجوان کے شور مچانے پر علاقہ مکین جمع ہوگئے اور انہوں نے تینوں ملزمان کو پکڑلیاواقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور انتہائی سخت جدوجہد کے بعد تینوں ملزمان کو شہریوں کے چنگل سے نکالا تینوں ڈاکوؤں کو طبی امداد کی غرض سے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔