مزید خبریں

جھڈو، گرد ونواح کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ

جھڈو(نمائندہ جسارت)جھڈو اور گرد ونواح کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں غیر معمولی اضافے نے شدید گرمی میں عوام کی زندگی عذاب بنادی، بجلی کی طویل بندش سے شدید گرمی میں شہری بری طرح بلبلا اٹھے، بجلی کی 14 سے 16 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشینگ سے عوام شدید عذاب میں مبتلا ہو گئے ہیں، بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں کا شدید احتجاج اور حیسکو چیف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ، دوسری جانب بجلی کی طویل بندش سے شہر میں کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح سے متاثر ہورہی ہیں جبکہ بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہر میں پینے کے پانی کا بحران بھی سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے، بچے،خواتین اور عام شہری پانی کے حصول کے لیے سارا سار دن شدید گرمی میں مارے مارے پھر رہے ہیں، شہریوں نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر حیسکو کی نااہل انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حیسکو چیف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے اعلان کو حیسکو انتظامیہ نے نظر انداز کرتے ہوئے بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بے تحاشا اضافہ کردیا ہے، شدید گرمی میں حیسکو کی جانب سے دن اور رات میں بجلی کی طویل دورانیہ کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری دوہرے عذاب میں مبتلا ہیں، صارفین نے حیسکو چیف سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرکے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیاہے۔تفصیلات کے مطابق جھڈو اور گردونواح کے علاقوں میں نوکوٹ اور ٹنڈو جان محمد کے گرڈ اسٹیشن سے فراہم کی جانے والی بجلی کو فالٹ کے نام پر دن اور بالخصوص گزشتہ کئی روز سے رات پونے دس بجے سے صبح بارہ بجے تک چودہ سے سولہ گھنٹے کی طویل بندش سے جھڈو میں بجلی کا بحران سنگین صورت اختیار کر گیاہے، دن اور رات میں صرف چند گھنٹوں کے لیے بجلی فراہم کی جاتی ہے،شہری بجلی کے انتظار میں ہی سارا دن اور رات گزار دیتے ہیں اور شہر کے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14 سے 16 گھنٹے سے زائد تک جاپہنچا ہے،دن بھر بجلی غائب رہنے اور رات میں چند گھنٹوں کے لیے بجلی بحال رہنے سے شدید گرمی میں عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شدید گرمی میں ساری ساری رات جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں جس سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتاہے، جھڈو کے شہریوں سابق کونسلرز حاجی فضل الرحمن میمن، حاجی محمد علی ناگوری، سماجی رہنمائوں اظہر جمیل آ رائیں، عمران اصغر قائم خانی،ندیم نواب،حنیف تاج،ڈاکٹر رفیق آ رائیں، اقبال سونارااورلالہ غلام رسول پٹھان و دیگر نے مطالبہ کیاہے کہ جھڈو وگردونواح کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور بجلی چوری کی روک تھام کرکے 14 سے 16 گھنٹے کی طویل اور غیر قانونی غیر اعلانیہ لوڈشینگ کا خاتمہ کرکے شہریوں کو شدید گرمی میں بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے۔