مزید خبریں

گرمی اپنی جگہ ، ویسٹ انڈیز کیخلاف چھکے لگانا چاہتا ہوں ، شاہین آفریدی

لاہور(نمائندہ خصوصی)قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ چھکے لگانا چاہتے ہیں اس لیے بیٹنگ پر توجہ دے رہے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم مکمل تیار ہے، گرم موسم کو قبول کرنا پڑے گا، فاسٹ بولرز لمبے اسپیلز نہیں کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز میرے لیے اہم ہے، تسلسل برقرار رکھنا چاہتا ہوں، جیسے گزشتہ سیزن گزرا اس تسلسل کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔قومی کرکٹر کا کہنا تھاکہ فٹنس پر کام کیا ہے اور پہلے سے بہتر محسوس کر رہا ہوں، تھوڑی سی بیماری سے گزرا ہوں لیکن اب بہت بہتر ہوں، فاسٹ بولرز کے لیے مشکل ضرور ہوسکتی ہے لیکن موسم کے لحاظ سے تیاری کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈسیریز کے میچز ہمارے لیے اہمیت کے حامل ہیں، میری کوشش ہوگی کہ سیریز میں 15،16 وکٹیں لوں اور مین آف دی سیریز بنوں جب کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ تیز گیند بھی کروں اس کے لیے فٹنس پر کام کر رہا ہوں، سوئنگ کے ساتھ اسپیڈ بھی آجائے گی، اس کے علاوہ اپنی بیٹنگ پر توجہ دے رہا ہوں اور چھکے لگانا چاہتا ہوں۔قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ ملتان میں عرصہ دراز کے بعد میچز ہونا خوش آئند ہے، مداح لطف اندوز ہونگے۔قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپرمحمد رضوان نے تربیتی کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انگلش کائونٹی کے دوران بہت سے کرکٹرز نے پاکستانی ٹیم کی تعریف کی، بابراعظم کی کپتانی میں قومی ٹیم نے اپنے معیار کو بلند کیا ہے۔محمد رضوان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں، کھلاڑی یک جان ہوکر محنت کررہے ہیں، ہماری کوشش ہوتی ہے ہر میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ شاہین آفریدی اور حسن علی بہترین فارم میں ہیں، دونوں کی کارکردگی کے دوران ہمارا بولنگ کا معیار بڑھا ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف اعلان کردہ اسکواڈ پورے پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر شاداب خان نے امید ظاہر کی کہ ویسٹ انڈیز کے ساتھ سیریز اچھی رہے گی، انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی ٹیم آسان نہیں ہوتی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کائونٹی کرکٹ میں کنڈیشنز مشکل تھیں لیکن بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ کیریئر میں انہیں بہت زیادہ فٹنس مسائل کا سامنا رہا، انجری کے بعد کم بیک کرنا مشکل ہوتا ہے، کوشش کر رہا ہوں کہ فٹنس بہتر رکھوں تاکہ انجریز کم ہوں۔