مزید خبریں

پاکستان سالانہ 1ارب ڈالر کا فرنیچر برآمد کر سکتا ہے

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ حکومت فرنیچر سیکٹر کی سرپرستی کرتے ہوئے مراعاتی پیکج دے تو پاکستان سالانہ 1 ارب ڈالر کا عالمی معیار کا لکڑی کا فرنیچر برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جمعرات کو سیدہ بریحہ بتول کی قیادت میں یونیورسٹی کے طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت فرنیچر کے شعبے کو انڈسٹری کا درجہ دے کر بہترین مراعاتی پیکج مہیا کرے تو یہ صنعت آنے والے دنوں میں عروج پر پہنچ سکتی ہے کیونکہ پاکستان کی فرنیچر کی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایف سی اور چین ون ترک سرمایہ کاروں کی طرف سے خصوصی اقتصادی زون میں فیکٹریاں قائم کرکے فرنیچر کے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا خیرمقدم کریں گے جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ٹیکس کی چھوٹ سمیت منافع بخش مراعات دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ترکی گزشتہ سال 4.3 بلین ڈالر کی فرنیچر برآمدات کر سکتا ہے تو پاکستان میں یہ کیوں ممکن نہیں۔انہوں نے تجویز کیا کہ حکومت مزید منظم صنعتی زونز بنائے اور مزید افرادی قوت کو بھی اس سیکٹر کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے تربیت دی جائے۔ میاں کاشف نے کہا کہ غیر ملکی خریداروں نے پاکستان کے ہاتھ سے کندہ فرنیچر میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور فیکٹریوں کے معائنہ کے بعد کاروباری سودوں کی تکمیل کے لیے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی تمام بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت کر رہی ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔