مزید خبریں

دَور ِصحابہؓ میں کتابت ِحدیث

دْنیا کو یہ سن کر حیرت ہوگی، لیکن کیا کیا جائے واقعہ یہی ہے کہ 10 ہزار ہی نہیں بلکہ اس سے بھی کہیں زیادہ تعداد میں حدیثیں عہد نبوت و عہد صحابہ میں کتابی شکل اختیار کر چکی تھیں۔ آخر آپ خود جوڑ لیجیے۔ محدثین لکھتے ہیں کہ سیدنا ابوہریرہؓ کی حدیثوں اور مرویات کی تعداد 5347 ہے اور ایک ذریعے سے نہیں مختلف ذرائع سے یہ ثابت ہے کہ سیدنا ابوہریرہؓ خود اپنی یادداشت کے لیے بھی اپنی روایت کردہ حدیثوں کو کتابی شکل میں لے آئے تھے۔ حافظ ابن عبدالبر نے جامع میں ان کی اس کتاب کے واقعے کو اس طرح درج کیا ہے کہ مشہور صحابی عمرو بن امیہ ضَمرِیؓ جن کو طلسم ہوشربا اور داستان امیرحمزہ نے عمروعیار کے نام سے بہت مشہور کر دیا ہے‘ اْن کے صاحب زادے حسن بیان کرتے ہیں:
میں نے ابوہریرہؓ کے سامنے ایک حدیث بیان کی۔ اْنھوں نے اس کا انکار کیا۔ میں نے عرض کیا کہ اس حدیث کو میں نے آپ ہی سے سنا ہے۔ بولے: اگر تم نے مجھ سے حدیث سنی ہے تو پھر وہ میرے پاس لکھی ہوئی ہوگی۔ پھر انھوں نے میرا ہاتھ پکڑا اور اپنے کمرے میںلے گئے۔ مجھے انھوں نے آپؐ کی حدیثوں کی بہت سی کتابیں دکھائیں۔ اسی (ذخیرے) میں وہ حدیث بھی پائی گئی۔ سیدنا ابوہریرہؓ نے اس کے بعد فرمایا: میں نے تم سے کہا نہ تھا کہ میں نے اگر کوئی حدیث تم سے بیان کی تھی تو وہ میرے پاس لکھی ہوئی ہے۔
حافظ ابن حجرؒ نے بھی دوسری سند سے فتح الباری میں اس روایت کو درج کیا ہے۔ اس سے صرف یہی نہیں معلوم ہوتا ہے کہ ابوہریرہؓ کے پاس صرف چند حدیثیں لکھی ہوئی تھیں، بلکہ جو کچھ وہ روایت کرتے تھے کتابی شکل میں ان کے پاس وہ موجود تھا۔ جب یہ معلوم ہے کہ ان کی مرویات کی تعداد پانچ ہزار سے اْوپر ہے، اس کے بعد اگر کہا جائے کہ پانچ ہزار سے اْوپر حدیثیں اس وقت لکھی ہوئی تھیں تو کیا اس روایت سے اس کی تصدیق نہیں ہوتی؟