مزید خبریں

بھارت سے آبی تنازعات پر بات چیت مثبت رہی ‘ مہر علی شاہ

لاہور (نمائندہ جسارت) انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ نے کہاہے کہ بھارت کے ساتھ آبی تنازعات پر بات چیت مثبت رہی ہے، کشن کنگا کے تنازع پر معاملہ ورلڈ بینک کے پاس ہے، ورلڈ بینک سندھ طاس معاہدے کی روشنی میں اس کا جائزہ لے رہاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پکل ڈل
اور لوئرکلنائی منصوبے کے ڈیزائن پر ہم نے اعتراض اٹھایا ہے ، بھارت نے اس پر آئندہ میٹنگ میں جائزہ لینے کا کہا ہے، بھارت جلد ہمیں اپنے ڈیموں کا معائنے کرانے اور سیلاب کا پیشگی ڈیٹا بھی پاکستان سے شیئر کرنے کو تیار ہے، مذاکرات ہوتے رہنے چاہییں، اس سے معاملات حل ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشن کنگا کا معاملہ انڈس واٹر کمیشن سے آگے نکل چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پگلیشیئر پگلنے کا عمل سست روی کا شکار ہے، جس سے پاکستانی دریائوں میں پانی کی کمی ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے آبی ماہرین کا اجلاس پاکستان میں ہوگا، جس میں اٹھائے گئے اعتراضات کا جواب بھارت پاکستان کو دے گا،ہماری بھارتی حکام سے خوشگوارماحول میں بات ہوئی ہے ،ہمارا فوکس2 روز ہ مذاکرات پر ہی رہا ہے ۔بھارت کو سندھ طاس منصوبے پر عمل درآمد کا کہا ہے۔