مزید خبریں

لوڈشیڈنگ نے کاروبار تباہ کردیا ،چودھری نظام آرائیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے رہنما او رمعروف بلڈر چودھری نظام الدین آرائیں نے کہاہے کہ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے ، حیدرآباد کے 30 لاکھ افراد افسران کی نااہلی کی سزا بھگت رہے ہیں، 14سے 15گھنٹے کی بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے حیدرآباد کے کاروبار کو تباہ کردیا ہے بلکہ گھروں میں موجود بزرگ، خواتین بچے اور بیمار افراد بھی اذیت اور مشکلات سے دوچار ہیں جس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ انہوں نے کہاکہ لائنوں کی تنصیب اور مینٹی نینس کے اوپر حیسکو انتظامیہ نہ تو توجہ دیتی ہے بلکہ اس مد میں ملنے والے فنڈز اور بجٹ حیسکو افسران کی عیاشیوں پر خرچ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جگہ جگہ بجلی کے ٹرانسفارمر خراب ہورہے ہیں جن کی مرمت نہیں کرائی جارہی ہے اور علاقے کے لوگوں سے چندہ جمع کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ صورتحال حیدرآباد ہی نہیں بلکہ سندھ کے دیگر شہروں میرپورخاص، ٹنڈوالہیار، ٹنڈومحمد خان، بدین، ٹنڈوجام اور دیگر علاقوں میں جہاں کے رہنے والے اس قدر بیزار آچکے ہیں کہ وہ ذہنی مریض بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی گرمیاں آتی ہیں حیسکو کی کارکردگی خراب سے خراب تر ہوتی جاتی ہے ، وفاقی اور صوبائی حکومت اس مسئلے پر توجہ دیں ۔