مزید خبریں

پیٹرول کے نرخ میں اضافے کیخلاف این ایل ایف کا احتجاج

فیصل آبا(جسارت نیوز )پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نیشنل لیبرفیڈریشن کے زیراہتمام ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرہ ،مظاہرہ کی قیادت میاں اعجازحسین نے کی۔جبکہ پاسبان رکشا ٹیکسی ڈرائیورزیونین پنجاب، پاسبان ہائی ایس ویگن ورکرز ایسوسی ایشن پنجاب،پاسبان لیبرموومنٹ کے سینکڑوںکارکنان نے شرکت کی ۔پروفیسرمحبوب الزماںبٹ امیر جماعت اسلامی ضلع فیصل آباد نے اظہاریکجہتی اور مظاہرہ کے شرکا سے خطاب کیا۔اس موقع پر گل خان ،سرورباجوہ،حاجی سلیم،رضوان ،محمدیوسف، نور حسین، مختاراحمد،راناالطاف،شیخ فہیم الدین، مدثر طور،محمدسلیم،حاجی محمدحنیف، جمشیداحمد چنیوٹ ، محمدعلی سیدھن دیگربھی موجودتھے۔رہنمائوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات اوراشیاء خورونوش کی قیمتیں کم نہ کیں تو ملک گیراحتجاج کیا جائے گا،حکمران غریب عوام پرمہنگائی کے کوڑے برسا نا بند کریں،پاکستان کی ساڑھے سات کروڑ لیبرفورس سٹرکوںپر نکلی تو اسے سنبھالنا حکومت کے لیے مشکل ہوگا۔ بنیادی ضرورت کی اشیا، بجلی اورپیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے حکومت غیر ترقیاتی اخراجات، وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرے اور ارکان قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی مراعات کم کی جائیں۔انہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف کے اب تک کے کیے گئے 23 پروگراموں سے قومی معیشت میں رتی برابر بہتری نہیں آئی بلکہ عوام کی تکلیف میں اضافہ ہوا۔ وجہ صاف ظاہرہے کہ سودی معیشت کے ہوتے ہوئے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ محنت کش کسی بھی صورت سودی بجٹ کو قبول نہیں کریں گے اور اس کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پی ٹی آئی کے دیے گئے زخموں میں مزید اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے ساتھ ساتھ لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھی جاری ہے۔ حکمرانوں کے کیے گئے تمام وعدے جھوٹ کاپلندہ ثابت ہوئے۔