سکھر( نمائندہ جسارت) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی گھی کی قیمتوں میں 213 روپے فی کلو اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران اپنی عیاشیوں کا تمام تر بوجھ غریب عوام پر ڈال رہے ہیں، آج مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، غریب افراد روٹی نوالہ کے حصول کیلیے بھی پریشانی دکھائی دے رہے ہیں، آٹا، چاول، گھی، چینی، دالوں سمیت اشیا خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب عوام کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے، غربت کی ماری عوام کو یوٹیلیٹی اسٹورز پر کچھ ریلیف فراہم کیا جاتا تھا، حکومت نے اب یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی گھی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے غریب عوام سے آخری نوالہ بھی چھین رہی ہے۔ حکومت فوری طور پر اشیا خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے، ملک سے غربت، مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے کیلیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات اٹھائے بصورت دیگر عوام سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ایس ڈی اے رہنمائوں مولانا عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو،عیدن جاگیرانی،آغا طاہر مغل،شہزاد وبھٹو، وقار سومرو، محمد رضوان قادری،وحید کھوسو، محمد شہزاد خان، محمد منیر میمن، سکندر علی جونیجو، عبدالحمید شیخ،شاہ محمد انڈھڑ،آغا محمد اکرم درانی،حافظ نیاز قادری،عبدالباری انصاری،امداد جھنڈیر، عبدالکریم سومرو، حسیب جونیجو، سید عمران شاہ، شکیل قریشی، عبدالجبار، سید ماجد شاہ، ڈاکٹر سعید اعوان، کامریڈ امام الدین، نعیم بلوچ، طارق میرانی، حسن قاضی، کاشف شمسی، حافظ محمد شریف ڈاڈا، انیس خان، عبید سومرو، وقاص بدر، لالہ محب پٹھان، راشد صدیقی، ڈاڈو ابڑو، طارق گھمرو، محمد اکرم، عتیق اللہ سومرو، کیلاش، محمد جاوید، ذاکر خان، سید عمیر شاہ، سید کاشف شاہ و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ حکمران اپنی عیاشیوں اور حکومت کو بچانے کی خاطر غریب عوام کو موت کی منہ میں دھکیل رہے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے غریب افراد کا گزر اوقات مشکل سے مشکل تر بنا دیا ہے، عوام مزید مہنگائی کے طوفان کو برداشت نہیں کرسکتے، حکومت کے اس طرح کے غریب دشمن اقدامات سے عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو جائیںگے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کے بجائے خود قربانیاں دے اور اپنی عیاشیوں کو ختم کر کے مراعات میں کمی کرے اور ملک سے غربت، مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلیے اقدامات اٹھائے بصورت دیگر عوام سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا جائے گا۔ جس کی تمام تر ذمے داری موجودہ حکمرانوں پر عائد ہوگی۔