مزید خبریں

سندھ وسائل کے حساب سے ملک کا اہم صوبہ ہے، مراد علی شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاہے کہ سندھ وسائل کے حساب سے ملک کا اہم صوبہ ہے، صوبے میں جھمپیر کے ونڈ کوریڈور اور کوئلے کے ذخائر ہیں، ملیر میں آٹھ ہزار 921 ایکڑ پر ایجوکیشن سٹی قائم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے زیر تربیت 28 افسران نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ صنعتی ترقی کا ماحول بنایا جائے۔ صوبے میں سرمایہ کاری لانے کے لیے انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے۔ سندھ میں دھابیجی اسپیشل اکنامک زون قائم کر رہے ہیں، جس میں 5 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری اور 2 لاکھ روزگار کے مواقع ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ اکنامک زون خیرپور بھی قائم کیا گیا ہے۔ خیرپور اکنامک زون میں 5 صنعتی یونٹس نے کام شروع کیا ہے اور مزید یونٹس 13 ستمبر تک کام شروع کردینگے۔ کراچی میں بھی ماربل سٹی قائم کیا جارہا ہے، جس میں ماربل، گرنیٹ اور تعمیرات سے منسلک سیکٹر کام کرے گا۔وزیر اعلی نے بتایا کہ ملیر میں آٹھ ہزار 921 ایکڑ پر ایجوکیشن سٹی قائم کیا جائے گا، جس میں ایک لاکھ 50 ہزار اسٹوڈنٹس تعلیم حاصل کریں گے، جبکہ 2 لاکھ سے زاید روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ایجوکیشن سٹی میں 50 سے زاید نیشنل اور انٹرنیشنل تعلیمی اداروں کو اراضی دی گئی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ وسائل کے حساب سے ملک کا اہم صوبہ ہے۔ تھر میں دنیا کے عظیم تر کوئلے کے ذخائر ہیں۔ جھمپیر کے ونڈ کوریڈور بھی توانائی کی پیداوار کیلئے بہترین ہیں۔ سندھ میں شمسی توانائی کے مختلف کوروڈور ہیں، جس میں جامشورو، سکھر، جیکب آباد اضلاع شامل ہیں۔ ہمیں اس صلاحیت سے بھر پور فائدہ اٹھانا ہے۔