مزید خبریں

مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں،ترک صدر

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے اصولی مؤقف پر ترکی پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہارکیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ پاکستان کوبحری جہازوں کی تیاری میں ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں، مواصلات، تعلیم، ماحولیات اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں دو طرفہ قریبی تعاون ہے، عالمی فورمز پر پاکستان کی بھرپور حمایت کے شکرگزار ہیں۔ ترک صدر نے کہا کہ عوام کی خوشحالی کے لیے اقتصادی تعاون ترجیح ہے، پاکستان اور ترکی دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستانی وزیراعظم سے عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی، مختلف فورمز پر پاکستان اور ترکی یکساں مؤقف رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان انتہائی قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ملک دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک پرامن اور خوشحال افغانستان خطے کے مفاد میں ہے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کو بھرپور امداد فراہم کی گئی،دونوں سربراہان نے برادر ممالک کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن کے لیے کام کرتا رہے گا، شاندار استقبال پر ترک صدر کے شکرگزار ہیں، پاکستان ترکی کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، ترک صدر سے مذاکرات اور ملاقات انتہائی مثبت رہی، پاکستان اور ترکی کے درمیان ثقافتی،مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں۔ دفاعی شعبوں میں دونوں ملکوں کا تعاون قابل ستائش ہے، دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت کے درمیان آئندہ ملاقات ستمبر میں اسلام آباد میں ہوگی۔شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں ترک سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے، ای کامرس، تعلیم، انفراسٹرکچر کے شعبے میں ترکی کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ ستمبر میں ترک صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی ، پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ قبل ازیں پاکستان اور ترکی نے مفاہمت کی 7مختلف یادداشتوں پر دستخط کیے ۔ وزیراعظم شہباز شریف اورترک صدر رجب طیب اردوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ترکی کی پریذیڈینسی آف اسٹریٹجی اینڈ بجٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی آف پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ قبل ازیں ترک صدارتی محل آمد پر اردوان نے شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں ترک ایوان صدر میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان اور ترکی کے قومی ترانے بجائے گئے اور وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔