مزید خبریں

پی ٹی آئی نے انتقامی کارروائیوں کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا

سکھر (نمائندہ جسارت) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ ،پی ٹی آئی نے انتقامی کارروائیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا ،حکومتی جماعت سرکاری مشینری کے ذریعے ہمارے امیدواروں کو ہراساں و اغوا کرارہی ہے ہمارے کئی امیدوار لاپتا ہیں ،درخواست میں مؤقف۔ پاکستان تحریک انصاف ضلع سکھر کے صدر ایڈووکیٹ ظہیر بابر نے سکھر ضلع میں اپنی جماعت کے بلدیاتی امیدواروں کے خلاف انتقامی کارروائیوں ان کے اغوا اور ان کو ہراساں کرنے کے خلاف سکھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں پیپلزپارٹی کے رہنمائوں ،سکھر کے ایس ایس پی ،ڈی ایس پیز اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو فریق بنایا گیا ہے درخواست میں عدالت کو بتایا گیا ہے کہ 26 جون کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انتخابات ہونے جارہے ہیں جس میں پی ٹی آئی کے امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں پیپلزپارٹی اقتدار میں ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدواروں کے لیے زمین تنگ کررہی ہے ہمارے امیدواروں کو اغوا کرکے زبردستی دستبردار کرایا جارہاہے گزشتہ روز ہمارے ایک امیدوار اسماعیل مہر کو اغوا کرکے زبردستی دستبردار کراکر پیپلزپارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر خورشید شاہ کے صاحبزادے کو بلامقابلہ کامیاب کرانے کی کوشش کی گئی ہے اس لیے ہمارے امیدواروں کی الیکشن سے دستبرداری کی درخواست کو قبول نہ کیا جائے ہمارے کارکنوں پر جھوٹے مقدمات درج کرائے جارہے ہیں ہمارے کئی امیدوار لاپتا ہیں عدالت نے درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو 18 جون کو پیش ہونے کے نوٹسز جاری کردیے ہیں۔