مزید خبریں

ترکی ، پاکستان کے درمیان تجارت سے استفادہ کیا جائے ، افتخارملک

اسلام آباد (کامرس ڈیسک ) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان تجارتی صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کیا جائے تو دوطرفہ تجارت کو آسانی سے موجودہ 1.1 بلین ڈالر سے 5 بلین ڈالر سالانہ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ منگل کو یہاں بہترین سی ای او کا ایوارڈ حاصل کرنے والی رامین کاشف کی قیادت میں نوجوان کاروباری خواتین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 25 سال کے دوران ترکی کو پاکستان کی برآمدات صرف 4.01 فیصد سالانہ کی شرح کے ساتھ بڑھی ہیں جو 1995 میں 148 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2020 میں 394 ملین ڈالر تک پہنچی تھیں۔ایک دہائی تک جمود کا شکار رہنے کے بعد اب یہ 1.1 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جنہیں سالانہ 5 بلین ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موثر زمینی مال برداری سے اب دوطرفہ تجارت میں بہتری آئی ہے اور اس کے مزید فروغ کے لیے درآمد کنندگان، برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی انڈسٹریل بیس پاکستان کی نسبت بہت زیادہ مستحکم ہے اور پاکستانی مینوفیکچرنگ سیکٹر بالخصوص آٹو اسمبلی اور آٹو پارٹس انڈسٹری کے مفادات کے تحفظ کی ضرورت ہے۔افتخار علی ملک نے کہا کہ ترکی اور پاکستان دونوں بڑے مسلم ممالک ہیں اور وہ اپنی بے پناہ صلاحیتوں کا بھرپور ادراک کرتے ہوئے باہمی افہام و تفہیم سے دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہت زیادہ وسعت دے سکتے ہیں۔