مزید خبریں

تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کو شش کی جائیں ،صدر اسلام آباد چیمبر

اسلام آباد (کامرس ڈیسک ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے تاجروں کو سیلز ٹیکس اور پی او ایس سسٹم میں رجسٹر ہونے کے نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں جس وجہ سے تاجر برادری میں کافی تشویش پائی جاتی ہے ، ایف بی آر ان لوگوں کو ٹیکس کے دائرے میں لانے کے لیے کوششیں تیز کرے جو اس وقت ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر محمد نوید ملک کی جانب سے دیے گئے ایک استقبالیہ سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، باصر داؤد، اظہرالاسلام، ملک نجیب، ناصرہ علی نینا، شازیہ رضوان، سعید کھوکھر، میجر (ر) ریا ض، صائمہ ہما اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔محمد شکیل منیر نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد کے گلی محلے کی مارکیٹوں میں تاجروں کی سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن کی مہم جاری ہے جس وجہ سے خاص طور پر چھوٹے تاجر پریشان ہیں کیونکہ اس مہم سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی بلکہ معیشت کو بھی نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو تاجر تنظیموں کی مشاورت سے ا فہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ اور نائب صدر محمد فہیم خان نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے تاجروں کو دکانوں میں پوائنٹ آف سیلزسسٹم لگانے کے بھی خطوط جاری ہو رہے ہیں جس سے ان میں تشویش پائی جاتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیکس ریونیو کو بہتر کرنے کے لیے نئے ٹیکس دہندگان کو تلاش کرنے پر توجہ دی جائے۔