مزید خبریں

لینڈ مافیا کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، مخدوم محبوب الزماں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) عمران خان کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو حکومت میں شامل تمام جماعتیں مل کر صاف کر رہی ہیں،لینڈ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں محکمہ ریونیو لینڈ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کررہا ہے اور نا جائز تجاوزات کے خاتمے اور قبضہ شدہ اراضی واگزار کرانے کا عمل جاری ہے،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین بلاول زرداری کی ہدایات پر کم آمدنی والے افراد کیلیے کم لاگت ہائوسنگ پروجیکٹ کی کابینہ اجلاس میں منظوری دے چکے ہیں جس پرسندھ کچی آبادی اتھارٹی اور محکمہ ریونیو کی کمیٹی کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ریونیو و ریلیف مخدوم محبوب الزماں نے اپنے دفتر میں کچی آبادیز اینڈ گوٹھ فیڈریشن آف پاکستان ـ”کاگف “کے چیئرمین سفیر امن صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں پیر غلام غوث محی الدین حسینی جانی شاہ ، خلیفہ ندیم مجتبیٰ حسنین ، احمد مہران گوریا ایڈووکیٹ ، محمد جنید احمد اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر ریونیو کو ریونیو کی اراضی پر قائم 115کچی آبادیوں اور گوٹھوں کو درپیش مسائل اور مالکانہ حقوق ،MDAکی اراضی پر گوٹھوں کی آڑ میں لینڈ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کے قبضوں اور ناکلاس اراضیوں پر ناجائزتجاوازت اوربلڈرز مافیا کی جانب سے مقامی پو لیس اور اداروں کی ملی بھگت سے جعلی ہائوسنگ پروجیکٹس کے خاتمے کے حوالے سے یادداشت پیش کی صوبائی وزیر ریونیو نے کہا کہ سرکاری اراضیوںپر کسی بھی صورت لینڈ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کو سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیں گے اور لینڈ مافیا ناسور کی حیثیت رکھتے ہیں جن کے خاتمے کیلیے محکمہ ریونیو ہر ممکن اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کے افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہے کہ اہلکار اپنے فرائض کی ادائیگی میں سنجیدگی اور مستعدی کا مظاہرہ کریں اور اٹھائے گئے اقدامات کو بروقت نتیجہ خیز بنائیںانہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ناکلاس اراضیوں پرناجائز تجاوزات اور قبضوں کے خاتمے سمیت بلڈرز مافیا کی جانب سے مقامی پو لیس اور اداروں کی ملی بھگت سے جعلی ہائوسنگ پروجیکٹس چلاکر سادہ لوح عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف فوری طورپر اقدامات کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت چیئرمین بلاول زرداری کی ہدایات اور وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں عوام کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے خصوصاً تعلیم ، صحت اور ریونیو کے شعبے میں بہتری اور دیگر مسائل کے حل کیلیے مثبت اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو کی اراضی پر کچی آبادی قوانین کی شرائط پورا کرنے والی آباد آبادیوں کے مسائل کے حل کیلیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے اور ان کے مالکانہ حقوق کے لیے محکمہ ریونیو ، محکمہ کچی آبادی ، MDAاور KDAکی مشترکہ ٹیم بنائی جائے گی جوکہ سروے کرکے رپورٹ پیش کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ہی اصل سیاست اور عبادت ہے جس پر PPP کاربند ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوریت اور عوام کیلیے دی جانی والی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں ملک کی تعمیر و ترقی سمیت سندھ کے حقوق کیلیے کوشش کی ہے مخالفین چاہے جتنا زور لگا لیں پی پی کے خلاف عوام کو گمراہ نہیں کر سکیں گے۔