مزید خبریں

روس نے تیل‘ گندم پر رعایت کی کوئی پیشکش نہیں کی، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ روس نے تیل اور گندم پر 30 فیصد رعایت کی کوئی پیشکش نہیں کی تھی، اگر روس ہمیں پیشکش کرے اور پاکستان پر کوئی پابندی نہ ہو تو ہم اس پر غور کر سکتے ہیں، بجٹ میں سبسڈیز واپس لینے اور ٹیکس میں اضافے کا امکان ہے۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے تیل کیلیے روس سے رابطہ کیا تھا، پابندیاں عاید ہونے کے بعد روس نے کوئی جواب نہیں دیا، ہم نے گندم کیلیے یوکرین اور روس سے رابطہ کیا ہے، دونوں ملکوں میں سے جو بھی ہمیں گندم فراہم کرے گا ہم خرید لیں گے، پابندیوں کے باعث روس سے تیل خریدنا انتہائی مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی نظریں بجٹ پر ہیں اس کے بعد معاہدہ متوقع ہے، بجٹ میں سبسڈیز واپس لینے اور ٹیکس میں اضافہ کا امکان ہے، عمران خان نے ہمیں پھنسانے کیلیے سبسڈیز کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دونوں سابق وزرائے اعظم کا خیال تھا کہ ہمیں فوری الیکشن کروانا چاہیے، آئی ایم ایف پروگرام میں توسیع کیلیے ہمیں انتخابات نہ کروانے کا فیصلہ کرنا پڑا، پہلے معیشت کو مستحکم کریںگے پھر الیکشن کی طرف جائیں گے۔