مزید خبریں

گندم کی خریداری کے دوران معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے

ڈیرہ اسماعیل خان(آئی این پی )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ گندم خریداری کے عمل کے دوران شفافیت اور معیاری گندم کو یقینی بنانے کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ گندم کی خریداری کے دوران معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہی گندم شہریوں نے استعمال کرنی ہے۔ اس بار پاسکو سے گندم نہیں خریدی گئی جس کی بدولت 12ارب روپے کا فائدہ ہوا لہذا یہی رقم گوداموں کی تعمیر و مرمت میں استعمال کی جائے گی۔عمران خان کے وژن کے مطابق محکمہ خوراک کو جو ہدایات جاری کیں ان پر عملدرآمد کیا گیا ہے جس سے نہ صرف شفافیت میں بہتری آئی ہے بلکہ بہتر لائحہ عمل سے سرکاری خزانے کو بھی فائدہ مل رہا ہے۔ کسان جفا کش ہیں کسانوں کی خوشحالی اور سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے خریدی گئی گندم کی ادائیگی 24گھنٹے میں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دوران صوبائی وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو کے ہمراہ پروونشل ریزرو سینٹر میں گندم خریداری کا افتتاح کرتے ہوئے صوبے بھر میں گندم خریداری کے آغاز کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے جو اختیار دیا ہے اسکو بہتر طریقے سے نبھانے کا عزم رکھتا ہوں مگر یہ سب ایک ٹیم ورک ہے اور اس کیلئے کابینہ، محکموں، انتظامیہ بالخصوص عوام کی سپورٹ درکار ہے۔ اپنے عہدے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں وہیں بار بار یہ احساس بھی ہوتا ہے کہ میں جوابدہ ہوں گا اسی طرح تمام عہدیدار اپنی ذمہ داریوں کے جوابدہ ہوں گے کیونکہ دنیا فانی ہے مگر عہدے کا سوال ضرور ہو گا رشوت یا کسی بھی ناجائز طریقے سے کمائے ہوئے پیسے میں برکت نہیں ہوتی مگر آگے جا کر اسکا حساب ضرور دینا پڑے گالہذا کسی کے نام کی کوئی سفارش نہ مانیں رشوت کے خلاف ڈٹ جاؤ۔ اسی طرح عوام سے بھی اپیل ہے کہ محکموں پر الزام لگانے کی بجائے سفارش یا رشوت سے خود گریز کریں رشوت دینے اور لینے والے دونوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی تبھی جا کر یہ نظام درست ہو پائے گااور اس سلسلے میں کارروائیوں کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے جدید نظام عوام کی خاطر متعارف کرائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں ثابت کریں گے کہ سب سے بہتر ادارہ خوراک کا ہے۔خوراک ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے ہم نے ہر صورت شفافیت کو یقینی بنانا ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔