مزید خبریں

پی سی بی انٹرکلب کرکٹ ٹورنامنٹ زون 7کا افتتاح علی حسین نے ہٹ لگا کر کردیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر):ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے نائب صدرعلی حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں کرکٹ کے فروغ کیلئے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، پی سی بی انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے بعد کلب لیول کا ماسٹر آئل انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ بھی شروع کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انو بھائی گرائونڈ پرپی سی بی انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ زون 7 کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی خالد نفیس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کرکٹ کے فروغ کیلئے زون 7 کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرتی رہے گی۔ اسسٹنٹ سیکرٹری آرسی اے کراچی اعظم خان نے خطاب میں کہا کہ زون 7 میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، اس کی واضح مثال ہے کہ زون7 نے گراس روٹ لیول کے تمام ٹورنامنٹس انڈر13، انڈر16اور انڈر19میں فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے زون7 کے صدر مظہر اعوان اور ان کے دیگر ساتھیوں کو خر اج تحسین پیش کیا۔ زون 7 کے صدر مظہر علی اعوان نے اس موقع پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ زون 7 ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے ساتھ اپنے ہر ممکن تعاون کو جاری رکھے گی۔ تقریب میں جوائنٹ سیکرٹری محمد توصیف صدیقی، اسسٹنٹ سیکرٹری وصال انصاری، محمد احمد نقوی، زون 4 کے صدر مسرت رضا، زون6 کے صدر ضیا احمد صدیقی، زون 2 کے سیکریٹری نصرت اللہ، خازن ظفر خان ، زون 4 کے خازن نوشاد احمد خان، زون7 کے سیکریٹری عبد الرئوف اور زیب اقبال کے علاوہ دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔