مزید خبریں

میجر لیگ کرکٹ2024 کا آغاز 5 جولائی سے ہوگا

نیویارک (اسپورٹس ڈیسک):میجر لیگ کرکٹ2024 کا آغاز 5 جولائی سے ہوگا، 23 جولائی سے شروع ہونے والی دی ہنڈرڈ اور ایم ایل سی کے شیڈول میں 6 دن کا ٹکرائو سامنے آگیا ہے۔ دی ہنڈریڈ کے ساتھ کنٹریکٹ کے تحت 24 میں سے 12 غیر ملکی کھلاڑیوں کا ایم ایل سی میں شریک ہونے کے باعث تاخیر سے برطانیہ پہنچنے کا امکان ہے۔ گزشتہ سال ایم ایل سی کا ابتدائی ایڈیشن دی ہنڈرڈ لیگ کے آغاز سے2 دن قبل اختتام کو پہنچ گیا تھا۔ دی ہنڈرڈ کا گروپ مرحلہ 23جولائی سے شروع ہوگا جبکہ ایم ایل سی کا فائنل 28 جولائی کو شیڈول ہے۔ مینز ہنڈرڈ کے ساتھ کنٹریکٹ کرنے والے24 میں سے12 غیر ملکی کھلاڑی پہلے ہی ایم ایل سی کے ساتھ معاہدہ برقرار رکھنے کا اعلان کر چکے ہیں اور مزید5 جولائی کو ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے کر سکتے ہیں۔ گزشتہ سال دی ہنڈرڈ کے مقابلے میں ایم ایل سی نے کھلاڑیوں کو زیادہ معاوضہ دیا تھا، ایم ایل سی کی طرف سے ڈھائی ہفتوں اور کم از کم5 میچوں کیلئے سب سے زیادہ معاوضہ تقریبا ایک لاکھ 75 ہزار ڈالر ادا کیا گیا تھا جبکہ دی ہنڈرڈ کی طرف سے کم از کم8 میچوں کیلئے سب سے زیادہ معاوضہ تقریبا ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر ادا کیا گیا۔