مزید خبریں

کرکٹ ابتدائی 100 سال امریکا میں کافی مقبول رہا ،امریکی قونصل جنرل

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کراچی میں امریکی قونصل جنرل کونراڈ ٹریبل کا کہنا ہے کہ امریکا میں پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ کے انعقاد پر وہ بہت پرجوش ہیں، ورلڈ کپ کے انعقاد سے امریکا میں ایک ایسے کھیل کو دوبارہ مقبولیت ملے گی جو پہلے جنوبی ایشیائی کمیونٹی تک محدود تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل عوام کو قریب لانے کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں، انہیں امید ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ نجی چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ امریکی عوام بھی کافی پرجوش ہیں، یہ امریکا کیلئے ایک زبردست موقع ہے کہ وہ اپنے ملک میں کرکٹ دیکھے اور پاکستان سمیت دنیا کو امریکا دکھائے، ہر کوئی اس ایونٹ کیلئے کافی پرجوش ہے اور امید رکھتا ہے کہ اس سے امریکا میں کرکٹ کو فروغ حاصل ہوگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اسپورٹس میں عوام کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی طاقت ہے، یہ عوامی روابط بنانے کا سب سے بہترین اور سب سے آسان ذریعہ ہیں کیونکہ ہر کوئی اسپورٹس سے محبت کرتا ہے، چاہے وہ پاکستانی ہو، بھارتی ہو، ویسٹ انڈین ہو یا امریکی، جب ان کی ٹیم کھیل رہی ہوتی ہے تو ہر کوئی اپنی ٹیم کیلئے پرجوش ہوتا ہے۔ کونراڈ ٹریبل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا 9 جون کو ہونیوالا میچ بلاشبہ سب کی توجہ کا مرکز ہوگا۔